فرانس کے 2027ء کے صدارتی انتخابات میں میرین لی پین اور ژاں لوک میلانشوں سب سے آگے، نئے سروے میں انکشاف
پیرس: فرانس میں آئندہ سال ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل دائیں بازو کی رہنما میرین لی پین اور بائیں بازو کے رہنما ژاں لوک میلانشوں نے ووٹروں کی حمایت میں اپنی برتری برقرار رکھی ہے،نئے عوامی جائزے کے مطابق فرانس میں سیاسی تقسیم مزید گہری ہوتی جا رہی ہے اور انتہا پسند سمجھی جانے والی سیاسی جماعتوں کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 3 سے 5 نومبر کے دوران ٹولونا ہیرس انٹرایکٹو کے کیے گئے سروے میں مختلف انتخابی منظرناموں کے تحت میرین لی پین کو صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 34 سے 36 فیصد ووٹ ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،گزشتہ ماہ کے سروے میں ان کی حمایت 35 سے 37 فیصد کے درمیان تھی
انتہائی بائیں بازو کی جماعت فرانس اَن بوومی (France Unbowed) کے رہنما ژاں لوک میلانشوں کو بھی سروے کے پانچوں منظرناموں میں دوسرے مرحلے تک پہنچنے کی پوزیشن میں دکھایا گیا ہے۔ ان کی حمایت 18 سے 19 فیصد کے درمیان ہے
سروے کے مطابق اگر دوسرے مرحلے میں میرین لی پین اور میلانشوں کے درمیان مقابلہ ہوا تو لی پین کو واضح برتری حاصل ہوگی
صدر ایمانوئل میکرون کی دوسری اور آخری پانچ سالہ صدارتی مدت ختم ہونے کے قریب ہے،ان کی حکومت کو کم عوامی مقبولیت اور کمزور معیشت جیسے مسائل کا سامنا ہے، جبکہ فرانس کا روایتی سیاسی مرکز بھی کمزور پڑ چکا ہے،اس صورت حال نے سخت گیر سیاسی جماعتوں کے لیے انتخابی میدان میں جگہ پیدا کر دی ہے
میلانشوں 2012ء، 2017ء اور 2022ء میں بھی صدارتی انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں، لیکن کبھی دوسرے مرحلے تک نہیں پہنچ سکے،میرین لی پین بھی انہی تینوں انتخابات میں امیدوار تھیں اور ہر بار دوسرے مرحلے میں شکست سے دوچار ہوئیں
رپورٹ کے مطابق تازہ سروے فرانس میں آئندہ صدارتی انتخاب سے پہلے سیاسی قوتوں کے بدلتے ہوئے توازن اور بڑھتی ہوئی نظریاتی تقسیم کی عکاسی کرتا ہے






