امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قائم کردہ بورڈ آف پیس نے اسرائیل کو غزہ میں موسم سرما سے نمٹنے کے لیے انسانی امداد اور ضروری سامان کی فراہمی میں ناکافی اقدامات پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے بورڈ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں صورتحال اب محض آنے والے موسم سرما کا خطرہ نہیں بلکہ فوری انسانی بحران بن چکی ہے، جہاں شدید بارشوں اور سیلاب نے پہلے ہی بے گھر فلسطینیوں کی زندگیوں کو مزید تباہ کر دیا ہے
غزہ میں گزشتہ 2 روز کے دوران ہونے والی شدید بارشوں سے کم از کم 70 ہزار خیمے زیر آب آ گئے، ہزاروں خاندانوں کے بستر، کپڑے اور ضروری سامان پانی میں بھیگ گیا، جبکہ کئی مقامات پر خیمے بہہ گئے غزہ کے حکام کے مطابق بارشوں اور ایک ریتلی حفاظتی دیوار گرنے کے واقعات میں کم از کم 5 افراد ہلاک ہوئے وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ کے قریب ریت کا ایک بڑا پشتا گرنے سے ہلاکتیں ہوئیں
غزہ میں تقریباً پوری آبادی جنگ کے دوران کم از کم ایک مرتبہ بے گھر ہو چکی ہے اور لاکھوں افراد عارضی خیموں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جنگ سے تباہ شدہ عمارتوں، بنیادی ڈھانچے اور نکاسی آب کے نظام کی عدم موجودگی نے بارشوں کو مزید تباہ کن بنا دیا ہے خیموں میں رہنے والے خاندانوں کے لیے سرد موسم، پانی جمع ہونے اور صحت کے مسائل ایک سنگین خطرہ بن چکے ہیں
بورڈ آف پیس نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اسرائیلی حکومت کو بارہا خبردار کر چکا ہے کہ موسم سرما اور موسمی سیلاب سے نمٹنے کے لیے فوری تیاری ضروری ہے۔ بورڈ کے مطابق اسرائیل، جو غزہ میں داخل ہونے والے سامان پر کنٹرول رکھتا ہے، کو عارضی رہائش، پانی اور صفائی کے نظام، نکاسی آب، فضلہ ہٹانے اور سیوریج کی سہولتوں کے لیے ضروری سامان کی آمد کی اجازت دینی چاہیے
بورڈ نے اسرائیلی حکومت کے حالیہ اقدامات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوششیں اب بھی ناکافی ہیں اس نے اسرائیلی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر تمام ضروری انسانی امداد اور موسم سرما سے بچاؤ کے سامان کی غزہ میں داخلے اور تقسیم کو ممکن بنائے، تاکہ مزید انسانی جانوں کو بچایا جا سکے
اسرائیلی فوج نے بورڈ کے بیان سے کچھ دیر قبل دعویٰ کیا تھا کہ غزہ میں 8,200 سے زیادہ امدادی ٹرک داخل ہونے کی اجازت دی گئی، جن میں 91,000 خیمے بھی شامل ہیں۔اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ وہ موسم سرما کی تیاریوں کے لیے اقوام متحدہ، بین الاقوامی تنظیموں اور امداد دینے والے ممالک کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں تاہم بورڈ آف پیس نے واضح کیا کہ امدادی سامان کی موجودہ مقدار اور اقدامات زمینی صورتحال کے مقابلے میں ناکافی ہیں
اسرائیل نے غزہ میں ہونے والی بارشوں اور سیلاب کے معاملے پر حماس کو بھی ذمہ دار قرار دیا ہے اسرائیلی وزارت خارجہ نے کہا کہ حماس نے بنیادی ڈھانچے پر سرمایہ کاری کرنے کے بجائے اسلحے پر وسائل خرچ کیے اور اب ہر بارش کے موقع پر ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کرتی ہے اسرائیلی حکام کا مؤقف ہے کہ حماس کے ہتھیار ڈالنے اور شہری علاقوں میں عسکری سرگرمیاں ختم کرنے تک تعمیر نو اور بعض ضروری سامان کی فراہمی میں مشکلات برقرار رہیں گی
بورڈ آف پیس نے دوسری جانب حماس سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، ہتھیار ڈالنے اور غزہ کی حکمرانی سے دستبردار ہونے کے حوالے سے طے شدہ اقدامات پر عمل کرے بورڈ کے مطابق اسرائیلی حکومت اور حماس دونوں کی جانب سے وعدوں پر عمل درآمد میں ناکامی نے غزہ کے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے
یہ بورڈ اکتوبر 2025 میں امریکہ کی ثالثی سے اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والی جنگ بندی اور غزہ کے مستقبل کے انتظامات پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے قائم کیا گیا تھا اس کے باوجود جنگ بندی کے دوران بھی اسرائیل کی جانب سے غزہ میں تقریباً روزانہ حملے جاری رہے ہیں
غزہ میں اسرائیل کی جنگی کارروائیوں کے دوران 74 ہزار سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ وسیع پیمانے پر تباہی نے علاقے کو انسانی بحران میں تبدیل کر دیا ہے انسانی حقوق کی تنظیموں اور ماہرین نے اسرائیلی کارروائیوں کو نسل کشی قرار دیا ہے، تاہم اسرائیل اس الزام کو مسترد کرتا ہے
حالیہ بارشوں نے غزہ کے بے گھر خاندانوں کے لیے ایک نئی آزمائش پیدا کر دی ہے امدادی تنظیموں کے مطابق فوری طور پر خیموں، گرم کپڑوں، کمبلوں، صاف پانی، نکاسی آب اور طبی سہولتوں کی فراہمی نہ ہوئی تو آنے والے سرد مہینوں میں بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کی زندگیوں کو مزید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں






