Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ترکی کے اسٹیل کارخانے میں خوفناک دھماکا، 16 مزدور ہلاک، 13 زخمی، حفاظتی انتظامات کی تحقیقات شروع

ترکی کے مغربی علاقے ازمیر کے قریب علی آغا میں واقع بڑے اسٹیل کارخانے میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے۔حادثے کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور آسمان پر دھوئیں کے بڑے بادل چھا گئے۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عدالتی اور انتظامی تحقیقات کا اعلان کیا ہے تاکہ حادثے کی اصل وجہ، ممکنہ غفلت اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے
یہ حادثہ پیر 9 نومبر کو HABAS آئرن اینڈ اسٹیل پلانٹ میں پیش آیا، جو ساحلی شہر ازمیر سے تقریباً 60 کلومیٹر شمال میں واقع ہے ازمیر کے گورنر سلیمان البان کے مطابق کارخانے میں بوائلر تبدیل کرنے کا کام جاری تھا کہ ایک بھاری اوور ہیڈ کرین گر کر بجلی سے چلنے والی صنعتی بھٹی میں جا گری۔ اس کے نتیجے میں دھماکا ہوا اور کارخانے کے اندر آگ پھیل گئی
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت کارخانے میں تقریباً 200 مزدور موجود تھے، جبکہ معمول کی پیداوار کے دوران یہاں 300 سے زیادہ کارکن کام کرتے ہیں۔ دھماکے کے بعد کئی افراد ملبے تلے دب گئے اور امدادی ٹیموں نے انہیں نکالنے کے لیے کارروائی شروع کر دی۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی گئی
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ زمین زلزلے کی طرح ہلتی محسوس ہوئی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ دھماکے کے فوراً بعد کارخانے سے سیاہ دھواں اٹھنے لگا اور چمنی کے قریب آگ بھڑک اٹھی۔ ایک ٹرک ڈرائیور نے واقعے کو بم دھماکے جیسا قرار دیا
ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ حادثے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، خصوصاً یہ معلوم کیا جائے گا کہ آیا حفاظتی انتظامات میں کوئی غفلت ہوئی اور اس کے ذمہ دار کون ہیں حکام نے عدالتی اور انتظامی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ 4 پراسیکیوٹرز کو تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ابتدائی اطلاعات کے مطابق 5 افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے
حادثے کے بعد مزدور تنظیموں نے کارخانے میں حفاظتی انتظامات پر شدید سوالات اٹھائے ہیں مزدور حلقوں کے مطابق HABAS میں گزشتہ 10 برس کے دوران کم از کم 11 کارکن مختلف حادثات میں ہلاک ہو چکے ہیں ترکی کی لیبر پارٹی نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران یہ تیسرا واقعہ ہے جس میں کارخانے کے کارکن اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے
مزدور نمائندوں نے انتظامیہ پر منافع کو کارکنوں کی زندگیوں اور حفاظت پر ترجیح دینے کا الزام لگایا اور مطالبہ کیا کہ حادثے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ان کا کہنا تھا کہ صنعتی اداروں میں حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کرنے کے نتیجے میں مزدوروں کو بار بار جان لیوا خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے
حادثے کے بعد اسپتال کے باہر مزدوروں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے 2 نمائندوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا وہ کارخانے میں حفاظتی انتظامات کے بارے میں بیان دینے کی کوشش کر رہے تھے۔ مزدور تنظیموں نے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے
کرد نواز ڈی ای ایم پارٹی نے بھی واقعے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ دھماکے کی وجوہات، ممکنہ غفلت اور نگرانی میں ناکامی کو شفاف انداز میں سامنے لایا جانا چاہیے اور کسی بھی ذمہ دار کو سزا سے بچنے نہیں دینا چاہیے
یہ حادثہ ترکی میں صنعتی اداروں کے حفاظتی انتظامات اور مزدوروں کے حقوق کے حوالے سے ایک بار پھر اہم سوالات اٹھا رہا ہے تحقیقات سے یہ واضح ہونے کی توقع ہے کہ آیا یہ محض تکنیکی حادثہ تھا یا حفاظتی اصولوں اور نگرانی میں کسی ناکامی نے اسے اتنی بڑی انسانی تباہی میں تبدیل کیا

قومی خبریں سے مزید