ٹیکساس میں ڈیموکریٹ گورنر کی کامیابی کے بعد ریپبلکن قانون ساز کا مطالبہ، عہدہ سنبھالنے سے پہلے ان کے اختیارات محدود کیے جائیں
ٹیکساس کے ریپبلکن رکن اسمبلی برائن ہیریسن نے گورنر گریگ ایبٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نومنتخب ڈیموکریٹ گورنر جینا ہینوجوسا کے آئندہ سال عہدہ سنبھالنے سے پہلے ان کے انتظامی اور ہنگامی اختیارات محدود کرنے کے لیے اقدامات کریں
برائن ہیریسن نے بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک طویل بیان میں کہا کہ ٹیکساس میں ریپبلکنز کے پاس اب بھی مکمل سیاسی اختیار موجود ہے اور انہیں آئندہ 10 ہفتوں کو استعمال کرتے ہوئے اختیارات کی تقسیم بحال کرنے اور گورنر کو حاصل ہنگامی اختیارات محدود کرنے چاہئیں
انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ قوانین کے تحت جینا ہینوجوسا کو ایسے غیر معمولی اختیارات مل جائیں گے جن کے ذریعے وہ اپنی انتظامی ہدایات کے ذریعے قوانین میں تبدیلی، موجودہ قوانین کو نظرانداز اور نئے قوانین، حتیٰ کہ فوجداری قوانین بھی نافذ کرسکیں گی،ہیریسن نے ان اختیارات کو آمرانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نومنتخب گورنر کو غیر محدود ہنگامی اختیارات نہیں ملنے چاہئیں
ہیریسن نے ٹیکساس کی ریاستی اسمبلی سے اپنے پیش کردہ بل HB911 کی منظوری کا بھی مطالبہ کیا،یہ بل انہوں نے 2022 میں ہنگامی اختیارات کے غیر معینہ مدت تک جاری رہنے کے خلاف پیش کیا تھا،ان کا مؤقف ہے کہ قانون ساز اداروں کو ہنگامی اختیارات پر مؤثر نگرانی اور ان کے استعمال کو محدود کرنے کا اختیار حاصل ہونا چاہیے
اس مطالبے کی سیاسی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ ٹیکساس میں طویل عرصے سے ریپبلکنز کی حکمرانی رہی ہے، لیکن جینا ہینوجوسا کی ڈیموکریٹک گورنر کے طور پر کامیابی کے بعد ریاست میں اقتدار کی منتقلی ہونے والی ہے،ہیریسن کی تجویز دراصل اس بات کی کوشش ہے کہ نئی گورنر کے عہدہ سنبھالنے سے پہلے ہی ان کے اختیارات کا قانونی دائرہ محدود کردیا جائے





