سوڈان میں بازار پر فوجی ڈرون حملہ، 100 سے زائد افراد ہلاک، 113 زخمی، خواتین اور بچے بھی نشانہ بنے
شندی: سوڈان کے جنوب مغربی علاقے جنوبی دارفور کے دارالحکومت نیالا میں ایک مصروف بازار پر فوجی ڈرون حملے میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور 113 زخمی ہو گئے،ملک میں تشدد کے واقعات کی نگرانی کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیم ایمرجنسی لائرز نے منگل کو جاری بیان میں ہلاکتوں کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ حملہ پیر کی شام کیا گیا،تنظیم کے مطابق، ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے
ایمرجنسی لائرز نے اس حملے کا ذمہ دار سوڈانی فوج کو قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی اور آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا،تنظیم نے اپنے بیان میں کہا کہ اس حملے نے شہریوں کی خریداری کے لیے استعمال ہونے والے بازار کو بڑے پیمانے پر ہلاکتوں اور زخمیوں کے منظر میں تبدیل کر دیا،اس کے مطابق، یہ کارروائی مقامی آبادی کی زندگیوں کے لیے خطرہ ہے اور پہلے سے جاری جنگ کے باعث شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کرتی ہے
طبی امدادی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز، جسے فرانسیسی نام میدساں سان فرونتیئر (ایم ایس ایف) سے بھی جانا جاتا ہے، نے اس سے قبل بتایا تھا کہ نیالا کے اس کے اسپتال میں 36 لاشیں لائی گئی ہیں، جبکہ ہنگامی شعبے میں 150 زخمیوں کو دیکھا گیا،تنظیم کی فراہم کردہ یہ تعداد ایمرجنسی لائرز کے بیان میں بتائی گئی ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد سے مختلف ہے
جنوبی دارفور کا دارالحکومت نیالا نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز کے کنٹرول میں ہے،سوڈان میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جاری جنگ نے شہری آبادی کو شدید متاثر کیا ہے، جبکہ بازاروں، طبی مراکز اور دیگر شہری مقامات پر حملوں سے انسانی بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے





