Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ہاروی وائن اسٹین کو جنسی حملے پر 15 سال قید

ہاروی وائن اسٹین کو جنسی حملے پر 15 سال قید

امریکی فلم پروڈیوسر ہاروی وائن اسٹین کو نیویارک کی عدالت نے 2006 میں ایک سابق پروڈکشن اسسٹنٹ کے ساتھ جنسی حملے کے جرم میں 15 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ 74 سالہ وائن اسٹین کو دوبارہ مقدمے میں مجرم قرار دیے جانے کے بعد یہ سزا سنائی گئی
وائن اسٹین پر الزام تھا کہ اس نے 2006 میں نیویارک کے مین ہٹن میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں میریئم ہیلی کے ساتھ زبردستی جنسی فعل کیا ہیلی نے عدالت کو بتایا کہ اس واقعے نے ان کی زندگی اور تحفظ کے احساس پر گہرا اثر ڈالا
وائن اسٹین نے عدالت میں ہیلی کے لیے افسوس اور معذرت کا اظہار کیا تاہم وہ اپنی بے گناہی پر قائم رہا۔ اس کے نمائندے نے کہا ہے کہ وائن اسٹین سزا اور جرم ثابت ہونے کے فیصلے کے خلاف اپیل جاری رکھے گا
یہ وائن اسٹین کی نیویارک میں دوسری مرتبہ سزا ہے اسے 2020 میں جنسی حملے اور ریپ کے جرائم میں مجموعی طور پر 23 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، لیکن 2024 میں نیویارک کی اعلیٰ ترین عدالت نے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے نئے مقدمے کا حکم دیا تھا عدالت کے مطابق پہلے مقدمے میں ایسے الزامات سے متعلق گواہی شامل کی گئی تھی جو موجودہ مقدمے کے براہ راست الزامات کا حصہ نہیں تھے اور اس سے منصفانہ مقدمے کے حق پر اثر پڑا تھا
2025 میں دوبارہ مقدمہ چلایا گیا تو جیوری نے ہیلی سے متعلق جنسی جرم میں وائن اسٹین کو مجرم قرار دیا، جبکہ ایک دوسری خاتون سے متعلق جنسی حملے کے الزام میں اسے بری کر دیا گیا ایک الگ ریپ کے الزام پر جیوری کسی متفقہ فیصلے تک نہیں پہنچ سکی اور بعد میں استغاثہ نے وہ مقدمہ ختم کر دیا
وائن اسٹین کو کیلیفورنیا میں بھی 2022 میں ریپ اور جنسی حملے کے جرم میں 16 سال قید کی سزا سنائی جا چکی ہے جون 2026 میں کیلیفورنیا کی اپیل عدالت نے اس کی سزا برقرار رکھی، تاہم سزا کی دوبارہ سماعت کا حکم دیا گیا کیونکہ نیویارک کی بعد میں ختم کی گئی سزا کو بھی پہلے فیصلے میں مدنظر رکھا گیا تھا
وائن اسٹین کے خلاف 2017 میں سامنے آنے والے جنسی ہراسانی اور حملوں کے الزامات نے عالمی سطح پر می ٹو تحریک کو نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ 100 سے زیادہ خواتین نے اس کے خلاف مختلف نوعیت کے جنسی بدسلوکی کے الزامات عائد کیے ہیں، جن کی وائن اسٹین تردید کرتا رہا ہے

قومی خبریں سے مزید