Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

سابق وزیراعظم ژاں کریتیان کا امریکہ کو دوٹوک پیغام، کینیڈا کسی کے سامنے نہیں جھکے گا

سابق وزیراعظم ژاں کریتیان کا امریکہ کو دوٹوک پیغام، کینیڈا کسی کے سامنے نہیں جھکے گا

کینیڈا کے سابق وزیراعظم ژاں کریتیان نے 11 ستمبر کے دہشت گرد حملوں کی 25ویں برسی کے موقع پر امریکہ کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا اپنے دوستوں کا ساتھ دینے والا ملک ضرور ہے لیکن کسی کے سامنے نہیں جھکتا
نیوفاؤنڈ لینڈ کے شہر گینڈر میں ہونے والی یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 92 سالہ ژاں کریتیان نے کہا کہ کینیڈین عوام برداشت اور مہربانی کو اپنی طاقت سمجھتے ہیں، لیکن ان خصوصیات کو کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے انہوں نے کہا کہ کینیڈا اپنے دوستوں کی مشکل وقت میں مدد کرتا ہے، تاہم اپنی خودمختاری اور عزت پر سمجھوتہ نہیں کرتا
ژاں کریتیان نے کہا کہ وہ یہ بات غصے میں نہیں بلکہ ایک دوست کی حیثیت سے امریکہ سے کہہ رہے ہیں کیونکہ دوستوں کو ایک دوسرے کے ساتھ سچ بولنا چاہیے انہوں نے موجودہ حالات کے تناظر میں کہا کہ کینیڈا جتنا زیادہ توہین، دھمکی یا دباؤ محسوس کرے گا، اتنا ہی زیادہ متحد ہو کر اپنے مفادات کے دفاع کے لیے کھڑا ہوگا
یہ تقریب خاص طور پر گینڈر میں منعقد کی گئی جہاں 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد امریکہ کی فضائی حدود بند ہونے کے نتیجے میں 38 طیاروں کو کینیڈا کا رخ کرنا پڑا تھا۔ تقریباً 6,600 مسافر اور عملے کے ارکان اچانک گینڈر پہنچ گئے تھے، جس سے شہر کی آبادی تقریباً دوگنی ہوگئی تھی
گینڈر کے لوگوں نے ان اجنبی مسافروں کے لیے اپنے گھر، اسکول، چرچ اور کمیونٹی مراکز کھول دیے تھے انہیں کھانا، ادویات اور رہنے کی جگہ فراہم کی گئی اسی واقعے نے بعد میں مشہور میوزیکل ڈرامے “کم فرام اوے” کو جنم دیا
ژاں کریتیان نے یاد دلایا کہ 11 ستمبر کے بعد کینیڈا نے امریکہ کا بھرپور ساتھ دیا تھا انہوں نے افغانستان میں دونوں ملکوں کے فوجیوں کی مشترکہ قربانیوں کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ افغانستان میں کینیڈا کے 165 شہری ہلاک ہوئے، جن میں 158 کینیڈین مسلح افواج کے ارکان شامل تھے
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کینیڈا اور امریکہ کے تعلقات شدید تجارتی اور سیاسی کشیدگی کا شکار ہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا کو امریکہ کی 51ویں ریاست بنانے کی باتیں اور دونوں ملکوں کے درمیان جاری تجارتی تنازع نے کئی دہائیوں پر محیط قریبی تعلقات میں تناؤ پیدا کیا ہے
تقریب میں کینیڈا میں امریکی سفیر پیٹ ہوکسٹرا نے بھی گینڈر کے عوام اور کینیڈا کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ 25 سال پہلے کینیڈین عوام نے مشکل وقت میں امریکیوں کے لیے اپنے دروازے کھولے اور دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کی ایک غیر معمولی مثال قائم کی
ژاں کریتیان نے اپنے خطاب کے اختتام پر امریکہ اور کینیڈا کے تعلقات کو مکمل طور پر مسترد کرنے کے بجائے احترام، دوستی اور اچھے ہمسائیگی کے اصولوں پر دوبارہ مضبوط بنانے پر زور دیا

قومی خبریں سے مزید