ٹرمپ انتظامیہ کا 2024 انتخابات کا ریکارڈ محفوظ رکھنے کا حکم، 30 ریاستوں میں ووٹر ڈیٹا کا تنازع

ٹرمپ انتظامیہ کا 2024 انتخابات کا ریکارڈ محفوظ رکھنے کا حکم، 30 ریاستوں میں ووٹر ڈیٹا کا تنازع

واشنگٹن:امریکی محکمہ انصاف نے 29 ریاستوں اور ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کے انتخابی حکام کو 2024 کے صدارتی انتخابات سے متعلق تمام ریکارڈ محفوظ رکھنے کی ہدایت کردی ہے، جبکہ ٹرمپ انتظامیہ ان ریاستوں سے ووٹر رجسٹریشن کا تفصیلی ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے قانونی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے
محکمہ انصاف ان ریاستوں سے ووٹر فہرستیں حاصل کرنا چاہتا ہے جن میں ووٹرز کے پتے، تاریخ پیدائش، ڈرائیونگ لائسنس نمبرز اور سوشل سکیورٹی نمبرز کے جزوی اعداد شامل ہیں،انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ یہ معلومات وفاقی انتخابی قوانین کے نفاذ کے لیے درکار ہیں، تاہم متعدد ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی قانون کے مطابق ریکارڈ محفوظ کر رہے ہیں اور بعض مطلوبہ معلومات ریاستی رازداری قوانین کے تحت محفوظ ہیں
یوٹاہ کی لیفٹیننٹ گورنر اور ریاست کی اعلیٰ انتخابی عہدیدار ڈیڈری ہینڈرسن کو بھی محکمہ انصاف کے خط میں بتایا گیا ہے کہ وہ ووٹر ڈیٹا فراہم نہ کرنے کے معاملے پر ’’تحقیقات کے تحت‘‘ ہیں،ہینڈرسن کا کہنا ہے کہ انہیں اس تحقیقات کا پہلے علم نہیں تھا،محکمہ انصاف نے تحقیقات کی نوعیت کی مزید وضاحت نہیں کی
محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ جن ریاستوں کے خلاف ووٹر فہرستیں فراہم نہ کرنے پر مقدمات چل رہے ہیں، انہیں ریکارڈ محفوظ رکھنے کی ہدایت اسی قانونی کارروائی کے سلسلے میں دی گئی ہے،خط میں خبردار کیا گیا ہے کہ متعلقہ ریکارڈ ضائع کرنے کی صورت میں سول اور فوجداری کارروائی ہوسکتی ہے
یہ تنازعہ ایسے وقت میں شدت اختیار کر رہا ہے جب نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں دو ماہ سے بھی کم وقت باقی ہے اور محکمہ انصاف کئی ریاستوں سے ووٹر ریکارڈ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے،یوٹاہ سمیت متعدد ریاستوں نے وفاقی حکومت کی درخواستوں کو عدالتوں میں چیلنج کیا ہے، جبکہ دستیاب عدالتی ریکارڈ کے مطابق اب تک وفاقی حکومت کو ان مقدمات میں کامیابی نہیں ملی

قومی خبریں سے مزید