بلوچستان میں مختلف واقعات، سیاسی رہنما اور قبائلی بزرگ سمیت ۱۱ افراد قتل
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات میں بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی صدر، ایک قبائلی بزرگ، ۳ زرعی مزدور اور دیگر افراد سمیت مجموعی طور پر ۱۱ افراد جاں بحق ہوگئے پولیس کے مطابق بعض واقعات میں مقتولین کی لاشوں پر گولیوں کے نشانات موجود تھے
نوشکی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی صدر عبدالرحمٰن لانگوو کو مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق وہ ملی بھٹو کے علاقے میں اپنی گاڑی پر گھر جا رہے تھے کہ موٹر سائیکلوں پر سوار تقریباً ۸ مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی
فائرنگ کے نتیجے میں عبدالرحمٰن لانگوو موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے وہ باغک یونین کونسل کے چیئرمین بھی تھے اور علاقے کی ایک نمایاں سیاسی و سماجی شخصیت سمجھے جاتے تھے حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں
مستونگ میں بھی پولیس کو ۶ نامعلوم افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں ملیں ایک لاش کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ڈپٹی کمشنر کے گھر کے قریب جبکہ ۵ لاشیں داتو موڑ کے علاقے سے برآمد ہوئیں
مقامی لوگوں نے داتو موڑ کے قریب لاشوں کی موجودگی کی اطلاع انتظامیہ کو دی، جس کے بعد پولیس نے لاشیں مستونگ سول اسپتال منتقل کیں۔ بعد ازاں انہیں طبی معائنے کے لیے کوئٹہ سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق لاشیں کئی دن پرانی معلوم ہوتی ہیں اور ان پر تشدد کے نشانات بھی موجود تھے۔ مقتولین کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی
چاغی میں محمد حسنی قبیلے کے ایک اہم بزرگ ملک کریم داد محمد حسنی کو بھی مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق انہیں چاغی بازار میں موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے نشانہ بنایا
فائرنگ سے قبائلی بزرگ کو متعدد گولیاں لگیں اور وہ موقع پر جاں بحق ہوگئے ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش اہل خانہ کے حوالے کردی گئی پولیس کے مطابق قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی اور کسی گروہ نے بھی اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی
دکی کے جھڑ علاقے میں ایک زرعی فارم پر کام کرنے والے ۳ افراد کو بھی مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ ۲ دیگر افراد لاپتا ہوگئے پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے سردار اکبر خان ناصر کے زرعی فارم پر موجود مزدوروں کو نشانہ بنایا
فارم پر موجود مزدوروں نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کے باعث کچھ دیر تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا بعد ازاں فارم کے قریب ایک چھوٹی پہاڑی کے نزدیک ۳ افراد کی لاشیں ملیں
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت غنی، آغا جان اور عزت خان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ نادر خان اور بشیر خان نامی ۲ دیگر چوکیدار لاپتا ہیں پولیس کے مطابق جاں بحق اور لاپتا ہونے والے تمام چوکیدار افغان شہری تھے
پولیس نے مختلف واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ دکی میں لاپتا افراد کی تلاش کے لیے کارروائی بھی جاری ہے





