Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

یوکرین کی روس کو عارضی جنگ بندی کی پیشکش، امریکی نمائندے ماسکو اور کیف پہنچیں گے

یوکرین کی روس کو عارضی جنگ بندی کی پیشکش، امریکی نمائندے ماسکو اور کیف پہنچیں گے

یوکرین نے روس کو عارضی جنگ بندی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی نمائندوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کے ماسکو اور کیف کے دورے کے دوران دونوں جانب سے فضائی حملے روک دیے جائیں تاکہ جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا راستہ ہموار ہو سکے
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین کی جانب سے مذاکرات کے دوران کوئی فضائی حملہ نہیں کیا جائے گا اور روس سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس دوران اپنے فضائی حملے روک دے ان کا کہنا تھا کہ یہ عارضی جنگ بندی امریکی نمائندوں کی موجودگی میں بات چیت کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے ہونی چاہیے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ کے خاتمے کی کوششوں کے لیے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کو ماسکو اور کیف بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے دونوں نمائندے پہلے ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے اور اس کے بعد کیف جانے کی توقع ہے۔ یہ جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف کا جنگ شروع ہونے کے بعد کیف کا پہلا دورہ ہوگا، جبکہ دونوں اس سے قبل ماسکو میں پیوٹن سے ملاقات کر چکے ہیں
یوکرینی حکام کے مطابق امریکی نمائندوں کے کیف پہنچنے کی متوقع تاریخ 6 ستمبر ہے۔ تاہم ان کے دورے کے انتظامات کے حوالے سے روس کی جانب سے تحفظات سامنے آئے ہیں اور اطلاعات کے مطابق روس نے امریکی وفد کے سفری منصوبے میں تبدیلی کی کوشش بھی کی ہے
امن مذاکرات کی نئی کوشش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب روس اور یوکرین کے درمیان جنگی کارروائیاں دوبارہ شدت اختیار کر گئی ہیں حال ہی میں روسی ڈرون نے کیف میں یوکرین کی سلامتی سروس کے صدر دفتر کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ زیلنسکی نے اس حملے کو سنگین قرار دیتے ہوئے روس کے خلاف مناسب اور مؤثر جواب دینے کی ہدایت کی ہے
دوسری جانب روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے بنیادی معاملات پر اب بھی شدید اختلافات موجود ہیں ولادیمیر پیوٹن یوکرین سے مزید علاقوں سے دستبرداری کا مطالبہ کرتے رہے ہیں، جبکہ کیف ایسے مطالبات کو تسلیم کرنے سے انکار کرتا ہے اور انہیں ہتھیار ڈالنے کے مترادف قرار دیتا ہے اسی وجہ سے نئی جنگ بندی کی تجویز کے باوجود مستقل امن معاہدے تک پہنچنے میں بڑی رکاوٹیں برقرار ہیں

قومی خبریں سے مزید