سانحہ 9/11حملوں کے مبینہ منصوبہ ساز خالد شیخ محمد اور 3 ساتھیوں کا مقدمہ 2028 میں چلانے کا فیصلہ
امریکا میں 11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کے مبینہ مرکزی منصوبہ ساز خالد شیخ محمد اور ان کے 3 مبینہ ساتھیوں کے خلاف مقدمے کی سماعت 2028 میں شروع ہوگی,فوجی عدالت کے جج لیفٹیننٹ کرنل مائیکل شراما نے بدھ کو مقدمے کی سماعت کے لیے 5 جون 2028 کی تاریخ مقرر کردی
جج نے استغاثہ کی جانب سے مقدمے کی کارروائی جنوری 2027 میں شروع کرنے کی درخواست مسترد کردی،ان کا کہنا تھا کہ 11 جنوری 2027 کی مجوزہ تاریخ مقدمے سے قبل زیر التوا قانونی اور شواہد سے متعلق معاملات نمٹانے کے لیے کافی وقت فراہم نہیں کرتی
خالد شیخ محمد اور دیگر 3 ملزمان 2003 سے گوانتانامو بے میں قید ہیں،ان کے خلاف مقدمہ 11 ستمبر کے ان حملوں سے متعلق ہے جن میں تقریباً 3,000 افراد ہلاک ہوئے تھے
فوجی جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مقدمے کی حقیقت پسندانہ تاریخ مقرر کرتے وقت مقدمے سے قبل شواہد اور قانونی درخواستوں پر سماعت اور ان کے فیصلے کے لیے درکار وقت کو مدنظر رکھنا ضروری ہے
یہ مقدمہ گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے قانونی پیچیدگیوں اور مقدمے سے قبل مختلف کارروائیوں کے باعث تاخیر کا شکار ہے، جبکہ اب عدالت نے باقاعدہ سماعت کے لیے جون 2028 کی تاریخ مقرر کی ہے





