Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

نیپال میں تباہ کن سیلاب، سینکڑوں افراد لاپتا، خاندان اپنے پیاروں کی واپسی کے منتظر

نیپال میں تباہ کن سیلاب، سینکڑوں افراد لاپتا، خاندان اپنے پیاروں کی واپسی کے منتظر

نیپال میں آنے والے تباہ کن سیلاب اور مٹی کے تودوں کے باعث سینکڑوں افراد لاپتا ہیں، جبکہ متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کی خیریت اور واپسی کی امید میں شدید اضطراب سے گزر رہے ہیں
نیویارک میں مقیم امریکی شہری 65 سالہ رمیش شرما اور ان کی 64 سالہ اہلیہ نیلم شرما بھی لاپتا افراد میں شامل ہیں،دونوں مذہبی زیارت کے لیے تبت میں واقع کوہ کیلاش جا رہے تھے، جو ہندوؤں، بدھ مت کے پیروکاروں اور دیگر مذاہب کے ماننے والوں کے لیے مقدس مقام سمجھا جاتا ہے
ان کی بیٹی ڈاکٹر رادھیکا شرما کے مطابق والدین سے آخری مرتبہ اس وقت رابطہ ہوا جب وہ نیپال سے تبت کی سرحد عبور کر چکے تھے،اس کے کچھ ہی دیر بعد بدھ کو اسی پہاڑی راستے میں پانی، چٹانوں اور کیچڑ کا ایک انتہائی طاقتور ریلا آیا جس نے راستے میں آنے والی آبادیوں، عمارتوں اور گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا
متاثرہ علاقوں سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ جان بچانے کے لیے بھاگ رہے ہیں جبکہ ملبے اور کیچڑ کا سیلاب عمارتوں اور گاڑیوں کو بہا رہا ہے،تباہی کے باعث سڑکیں منقطع ہو گئیں اور بجلی اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ممکنہ طور پر پگھلتے ہوئے گلیشیئر کے ایک حصے کے اچانک گرنے سے یہ تباہ کن صورتحال پیدا ہوئی،واقعے کے دوران زمین اس قدر شدت سے لرزی کہ زلزلے کی نگرانی کرنے والے آلات نے ابتدا میں اس جھٹکے کو 4.4 شدت کے زلزلے کے طور پر ریکارڈ کیا
ڈاکٹر رادھیکا شرما نے اپنے والدین سے رابطہ نہ ہونے کی صورتحال کو اپنی زندگی کے بدترین 24 گھنٹوں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ خاندان مسلسل ان کی خبر کا انتظار کر رہا ہے

قومی خبریں سے مزید