اونٹاریو کی ایک ٹاؤن شپ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے کوئی امیدوار سامنے نہ آیا
فاؤکیئر اسٹرک لینڈ: اونٹاریو کی شمالی ٹاؤن شپ فاؤکیئر اسٹرک لینڈ اس وقت غیر معمولی صورتحال سے دوچار ہے جہاں 26 اکتوبر 2026 کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں میئر یا کونسل کی کسی بھی نشست کے لیے کوئی امیدوار میدان میں نہیں ہے
فاؤکیئر اسٹرک لینڈ کی آبادی 500 سے بھی کم ہے اور اس کی آئندہ بلدیاتی کونسل میں میئر سمیت مجموعی طور پر پانچ نشستیں ہیں۔ انتخابات کے لیے نامزدگی کی مقررہ مدت کے دوران ابتدا میں صرف دو افراد نے اپنے نام پیش کیے تھے، تاہم آخری تاریخ سے قبل دونوں نے اپنی نامزدگیاں واپس لے لیں
نکول لامونتانی نے کونسل کی نشست کے لیے اپنی نامزدگی 21 اگست کو آخری وقت سے تقریباً 15 منٹ پہلے واپس لے لی، جبکہ رابرٹ کورشین نے اس سے ایک روز قبل میئر کے عہدے کے لیے اپنی نامزدگی واپس لے لی تھی۔ نتیجتاً مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد میئر اور چاروں کونسل نشستوں کے لیے کوئی امیدوار باقی نہیں رہا
صورتحال کے باعث ٹاؤن شپ نے اضافی نامزدگی کا دن مقرر کیا ہے آج 26 اگست کو صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک امیدوار اپنی نامزدگیاں جمع کرا سکتے ہیں اگر اس اضافی مدت کے دوران مطلوبہ تعداد میں امیدوار سامنے آ جاتے ہیں تو بلدیاتی انتخابات معمول کے مطابق آگے بڑھ سکتے ہیں
اگر اضافی نامزدگی کے بعد بھی نشستوں کے لیے امیدوار موجود نہ ہوئے تو ٹاؤن شپ کو آگے کے طریقہ کار کے لیے صوبائی وزارت بلدیاتی امور اور ہاؤسنگ سے رہنمائی لینا ہوگی۔ حکام کے مطابق ایسی صورتحال انتہائی غیر معمولی ہے
فاؤکیئر اسٹرک لینڈ گزشتہ کچھ عرصے سے شدید مالی مشکلات کا بھی سامنا کر رہی ہے۔ 2025 میں ٹاؤن شپ کو مالی بحران کے باعث اپنی بلدیاتی خدمات معطل ہونے کے خطرے کا سامنا تھا، تاہم عارضی مالی معاونت حاصل ہونے کے بعد خدمات کو مکمل طور پر بند ہونے سے بچا لیا گیا تھا
حالیہ صوبائی مالیاتی جانچ میں بھی ٹاؤن شپ کی مالی صورتحال کو نازک قرار دیا گیا اور خبردار کیا گیا کہ کئی سال پر مشتمل بحالی کے منصوبے کے باوجود مالی خطرات بدستور موجود ہیں
اونٹاریو بھر میں بلدیاتی انتخابات 26 اکتوبر 2026 کو ہونے ہیں، تاہم فاؤکیئر اسٹرک لینڈ میں اب یہ اضافی نامزدگی کا مرحلہ اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ آیا مقامی حکومت کی نشستوں کے لیے امیدوار سامنے آتے ہیں یا ٹاؤن شپ کو غیر معمولی انتظامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے





