Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ہیری اور میگھن کی برطانیہ واپسی نے ان کے برانڈ کی طاقت اور خطرات نمایاں کر دیے

ہیری اور میگھن کی برطانیہ واپسی نے ان کے برانڈ کی طاقت اور خطرات نمایاں کر دیے

لندن: شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن کی 6 سال بعد برطانیہ واپسی نے میڈیا اور عوام کی توجہ ایک بار پھر اس جوڑے کی جانب مرکوز کر دی ہے، تاہم میگھن کی ممکنہ اداکاری کے نئے کردار سے پیدا ہونے والا تنازع ظاہر کرتا ہے کہ برطانیہ میں ان کی واپسی ان کے لیے مواقع کے ساتھ ساتھ نئے خطرات بھی لے کر آ سکتی ہے
رائٹرز کے مطابق ہیری اور میگھن نے 2020 میں شاہی فرائض سے دستبرداری کے بعد برطانیہ چھوڑ کر امریکا میں رہائش اختیار کی تھی،اب دونوں اپنے بچوں کے ساتھ برطانیہ واپس منتقل ہونے کی تیاری کر رہے ہیں،ان کی جانب سے ماضی میں برطانوی میڈیا کی شدید توجہ اور مسلسل نگرانی کو برطانیہ چھوڑنے کی وجوہ میں شامل کیا گیا تھا، لیکن واپسی کے اعلان کے ساتھ ہی میڈیا کی دلچسپی دوبارہ عروج پر پہنچ گئی ہے
اسی دوران یہ خبریں سامنے آئیں کہ میگھن ہدایت کار گائے رچی کی نیٹ فلکس جرائم پر مبنی سیریز دی جنٹلمین کے ممکنہ تیسرے سیزن میں اداکاری کے لیے بات چیت کر رہی ہیں،ابتدائی اطلاعات میں اسے میگھن کی اداکاری میں واپسی کے اہم موقع کے طور پر پیش کیا گیا، تاہم بعد میں یہ رپورٹ سامنے آئی کہ مبینہ عوامی ردعمل کے باعث یہ پیشکش واپس لے لی گئی
رائٹرز کے مطابق اس معاملے نے یہ واضح کیا ہے کہ ہیری اور میگھن کا نام آج بھی غیر معمولی میڈیا توجہ حاصل کرتا ہے،ان کے کسی بھی نئے منصوبے کو فوری طور پر عالمی سطح پر زیر بحث لایا جاتا ہے، لیکن یہی غیر معمولی توجہ ان کے لیے نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ ان کے بارے میں برطانیہ میں رائے انتہائی منقسم ہے
برانڈنگ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ برطانیہ واپسی ہیری اور میگھن کو اپنی عوامی شناخت ازسرنو تشکیل دینے کا موقع فراہم کر سکتی ہے،میگھن کے لیے برطانوی پس منظر کو دوبارہ اپنی شناخت کا حصہ بنانا امریکا میں ان کے کاروباری اور طرز زندگی سے متعلق منصوبوں کے لیے بھی فائدہ مند ہو سکتا ہے، تاہم برطانیہ میں ان کی مقبولیت کے حوالے سے مشکلات برقرار رہنے کا امکان ہے
ہیری اور میگھن کے تجارتی منصوبوں کو بھی گزشتہ برسوں میں اتار چڑھاؤ کا سامنا رہا ہے،نیٹ فلکس اور اسپاٹیفائی کے ساتھ ان کے معاہدوں سمیت مختلف منصوبوں نے انہیں عالمی شہرت تو دی، لیکن ہر منصوبہ توقعات کے مطابق کامیاب نہیں ہوا،رائٹرز کے مطابق ان کی مستقبل کی کامیابی اس بات پر منحصر ہوگی کہ وہ برطانیہ میں اپنی موجودگی، میڈیا کی مسلسل توجہ اور عوامی رائے کے درمیان کس طرح توازن قائم کرتے ہیں
اس طرح ہیری اور میگھن کی برطانیہ واپسی محض ایک خاندانی یا رہائشی فیصلہ نہیں بلکہ ان کے عالمی برانڈ کے لیے بھی ایک اہم امتحان بن گئی ہے،ان کی شہرت انہیں غیر معمولی مواقع فراہم کر سکتی ہے، لیکن اسی شہرت کے باعث ایک منفی خبر بھی ان کے کسی منصوبے پر فوری اثر ڈال سکتی ہے

قومی خبریں سے مزید