فرانس نے کراچی میں قونصل خانہ مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا
کراچی: فرانس نے کراچی میں قائم اپنا قونصل خانہ 50 سالہ خدمات کے بعد مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا ہے
یہ اعلان پاکستان میں فرانس کے سبکدوش ہونے والے سفیر نکولا گیلے نے منگل کے روز قائداعظم ہاؤس میوزیم کے بورڈ آف مینجمنٹ اور کراچی کونسل آف فارن ریلیشنز کے اشتراک سے منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا
تقریب کا مقصد پاکستان میں فرانس کے دو اہم سفارتی نمائندوں، سفیر نکولا گیلے اور کراچی میں فرانس کے قونصل جنرل الیکسس شتاختنسکی کو الوداع کہنا تھا
نکولا گیلے نے پاکستان میں اپنے تقریباً 5 سالہ قیام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے رخصت ہوتے ہوئے وہ قدرے اداس بھی محسوس کر رہے ہیں
کراچی میں فرانسیسی قونصل خانے نے نصف صدی تک سفارتی اور قونصلر خدمات انجام دیں،قونصل خانے کی مستقل بندش کراچی میں فرانس کی طویل سفارتی موجودگی کے خاتمے کی علامت ہے





