ٹیکسلا میں ٹک ٹاکر کے قتل کا معمہ، والد اور بھائی سمیت 5 افراد گرفتار

ٹیکسلا میں ٹک ٹاکر کے قتل کا معمہ، والد اور بھائی سمیت 5 افراد گرفتار

ٹیکسلا: معروف ٹک ٹاکر شمسو بی بی عرف عائشہ گلمانہ کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے مقتولہ کے والد اور بھائی سمیت 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران مقتولہ کے والد فضل اور بھائی بشیر کو بھی حراست میں لیا گیا، جبکہ دیگر 3 افراد کو بھی گرفتار کرکے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ تفتیش کے دوران والد اور بھائی نے دیگر افراد کی مدد سے عائشہ کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے کا اعتراف کیا ہے
پولیس حکام کے مطابق تحقیقات کے دوران 100 سے زائد نگرانی کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا گیا، جبکہ انسانی ذرائع، فنی شواہد اور دیگر معلومات سے بھی مدد لی گئی۔ ان شواہد کی بنیاد پر ابتدائی طور پر سامنے آنے والے واقعات کے بارے میں کئی اہم سوالات پیدا ہوئے
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مبینہ طور پر تفتیش کا رخ تبدیل کرنے اور اپنے آپ کو قانونی کارروائی سے بچانے کے لیے ایک مختلف کہانی پیش کرنے کی کوشش کی، تاہم نگرانی کیمروں کی ریکارڈنگ اور دیگر شواہد سے ان کے بیانات میں تضادات سامنے آئے
ابتدائی تفتیش کے مطابق عائشہ کو مبینہ طور پر نام نہاد غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید پوچھ گچھ جاری ہے اور قتل کی منصوبہ بندی، اس میں شریک افراد اور ہر ملزم کے کردار سے متعلق مزید اہم معلومات سامنے آنے کی توقع ہے
پولیس حکام کے مطابق گرفتار کیے گئے تمام 5 افراد کو حاصل کیے گئے شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا تفتیشی ٹیم قتل سے پہلے اور بعد کے واقعات کی مکمل کڑی جوڑنے کی کوشش کر رہی ہے
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے بیانات کو نگرانی کیمروں کی ریکارڈنگ، فنی شواہد اور دیگر مواد کے ساتھ ملا کر جانچا جائے گا اور قانونی کارروائی شواہد کی بنیاد پر آگے بڑھائی جائے گی

قومی خبریں سے مزید