ہزارہ صوبے کے قیام کا مطالبہ، ہری پور بار ایسوسی ایشن بھی میدان میں آگئی

ہزارہ صوبے کے قیام کا مطالبہ، ہری پور بار ایسوسی ایشن بھی میدان میں آگئی

ہری پور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے ہزارہ صوبے کے قیام کے مطالبے کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے اس عمل کو مزید تاخیر کے بغیر مکمل کرنے پر زور دیا ہے
ہری پور بار ایسوسی ایشن کے کابینہ ارکان کا خصوصی اجلاس صدر اسد سعید خان کی زیرِ صدارت ہوا، جس میں ملک بھر میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث اور بالخصوص خیبر پختونخوا میں ہزارہ صوبے کے مطالبے پر تفصیلی غور کیا گیا
اجلاس میں مقررین نے کہا کہ ہزارہ صرف ایک جغرافیائی خطہ نہیں بلکہ یہاں کے عوام کی شناخت، تاریخ، ثقافت اور اجتماعی آواز ہے۔ ان کے مطابق کسی ایک سیاسی جماعت یا گروہ کو یہ فیصلہ کرنے کا حق نہیں کہ ہزارہ کے عوام الگ صوبے کا مطالبہ کرسکتے ہیں یا نہیں
بار کے ارکان نے کہا کہ ہزارہ کے عوام ماضی میں بھی اپنے مستقبل کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرچکے ہیں، اس لیے الگ صوبے کے مطالبے کو عوامی خواہش کے طور پر دیکھا جانا چاہیے
ہری پور بار ایسوسی ایشن نے ہزارہ بھر کی تمام بار ایسوسی ایشنز سے اپیل کی کہ وہ سیاسی اور ادارہ جاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر ہزارہ صوبے کے قیام کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کریں
وکلاء نے سول سوسائٹی، قانونی ماہرین اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز پر بھی زور دیا کہ وہ اس معاملے کو آئینی، قانونی، جمہوری اور سیاسی فورمز پر مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ہری پور نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہزارہ صوبے کے قیام کے مطالبے کی حمایت جاری رکھے گی اور اس مقصد کے لیے ہزارہ بھر کی بار ایسوسی ایشنز کے درمیان اتحاد اور اجتماعی جدوجہد کو فروغ دیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید