بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خاتون اور پانچ سالہ بچے سمیت پانچ افراد قتل
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بدھ کے روز فائرنگ اور تشدد کے الگ الگ واقعات میں ایک خاتون، پانچ سالہ بچے سمیت پانچ افراد جان سے گئے
ڈیرہ مراد جمالی، خضدار اور قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے واقعات میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے تین افراد کو قتل کیا، جبکہ ایک خاتون اور ایک شخص کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا
پولیس کے مطابق اُستہ محمد کے محلہ یعقوب میں مسلح افراد نے ایک مرد اور خاتون کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ پولیس نے ابتدائی طور پر واقعے کو غیرت کے نام پر قتل قرار دیا ہے۔ مقتول شخص کی شناخت محمد امین جمالی کے نام سے ہوئی
خضدار میں حب بائی پاس کے قریب مسلح افراد نے ایک شخص کو گاڑی سے باہر نکالا اور فائرنگ کرکے قتل کردیا حملہ آور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت فرید احمد ولد علی احمد کے طور پر ہوئی لاش کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد اسے اہلخانہ کے حوالے کردیا گیا
قلعہ عبداللہ کے علاقے میزئی اڈہ میں پانچ سالہ ریاض کو ایک دکاندار نے مبینہ طور پر تشدد کرکے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق دکاندار نے بچے پر اپنی دکان سے کھانے کی چیز چوری کرنے کا الزام عائد کیا تھا
دوسرے واقعے میں قلعہ عبداللہ ہی کے علاقے توبہ کاکڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے محمد صادق کو فائرنگ کرکے قتل کردیا
پولیس نے تمام واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ مختلف واقعات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے





