بلوچستان میں گیس کی بڑی پائپ لائن دھماکے سے تباہ، کئی علاقوں میں سپلائی معطل
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے بولان میں گیس کی مرکزی پائپ لائن دھماکے سے تباہ ہونے کے بعد صوبے کے کئی شہروں اور قصبوں میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی
سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق 18 انچ قطر کی مرکزی گیس پائپ لائن کو بولان کے دریائی علاقے میں گورکات کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ دھماکا بدھ کی رات کے اوقات میں کے ایم پی 246 والو اسمبلی کے مقام پر ہوا، جو مرکزی کوئٹہ سبی شاہراہ سے تقریباً 700 سے 800 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے
گیس کمپنی کے ترجمان کے مطابق نامعلوم افراد نے پائپ لائن کے نیچے دھماکا خیز مواد نصب کرکے اسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے کے نتیجے میں پائپ لائن کو شدید نقصان پہنچا اور گیس کی ترسیل کا نظام متاثر ہوگیا
واقعے کے بعد کولپور، مچھ، مستونگ، قلات، پشین اور زیارت سمیت بلوچستان کے متعدد علاقوں میں گیس کی فراہمی روک دی گئی، جبکہ کوئٹہ کے کئی علاقوں میں بھی گیس کا دباؤ کم ہونے یا مکمل سپلائی معطل ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے
مقامی ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد متاثرہ مقام سے آگ کے شعلے اور دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔ واقعے کے باعث گیس کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا اور صارفین کو فوری طور پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا
سوئی سدرن گیس کمپنی نے بتایا ہے کہ مرمت کے لیے متعلقہ ٹیمیں تیار ہیں، تاہم متاثرہ علاقے میں جانے سے قبل سکیورٹی کلیئرنس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ سکیورٹی اجازت ملتے ہی مرمت کا کام شروع کرکے گیس کی فراہمی بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی
گیس کمپنی کی جانب سے صارفین کو خبردار کیا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں گیس کا دباؤ معمول سے کم رہ سکتا ہے اور بعض مقامات پر سپلائی مکمل طور پر بند رہنے کا امکان ہے
بلوچستان میں گیس کی پائپ لائنوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پہلے بھی پیش آتے رہے ہیں۔ رواں سال مئی میں ڈیرہ بگٹی اور نصیرآباد ڈویژن کے علاقوں میں پائپ لائنوں کو نقصان پہنچنے کے بعد بڑے علاقوں میں گیس کی فراہمی متاثر ہوئی تھی، جبکہ مارچ میں بھی مغربی بائی پاس کے قریب مرکزی گیس پائپ لائن کو دھماکے سے نقصان پہنچایا گیا تھا
حالیہ واقعے نے ایک بار پھر بلوچستان میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی سکیورٹی پر سوال اٹھا دیے ہیں۔ حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کرکے گیس کی فراہمی جلد از جلد بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔





