48 روز بعد میرپور میں انٹرنیٹ جزوی طور پر بحال، شہریوں میں خوشی کی لہر
میرپور: آزاد جموں و کشمیر کے ضلع میرپور میں 48 روزہ طویل معطلی کے بعد موبائل اور انٹرنیٹ سروسز جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہیں، جس سے شہریوں، طلبہ، تاجروں اور فری لانسرز نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انٹرنیٹ اور موبائل سروسز گزشتہ کئی ہفتوں سے معطل تھیں، جس کے باعث آن لائن تعلیم، کاروباری سرگرمیاں، بینکنگ، سرکاری خدمات اور روزمرہ رابطے شدید متاثر ہوئے تھے۔ سروس کی بحالی کا عمل مرحلہ وار جاری ہے، جبکہ بعض علاقوں میں تاحال مکمل بحالی نہیں ہو سکی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی میرپور میں سروسز کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مظفرآباد اور دیگر علاقوں میں بھی جلد موبائل اور انٹرنیٹ سہولتیں بحال کر دی جائیں گی۔
شہریوں اور کاروباری حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ باقی ماندہ علاقوں میں بھی جلد از جلد مکمل انٹرنیٹ بحال کیا جائے تاکہ تعلیمی، تجارتی اور معاشی سرگرمیاں معمول پر آ سکیں۔





