پاکستان ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے: محسن نقوی
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے یہ بات ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات کے دوران کہی، جو سرکاری دورے پر پاکستان آئے ہوئے ہیں۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، تجارت، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے دہشت گردی کے خاتمے، منشیات کی روک تھام، غیر قانونی نقل مکانی اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ اقدامات بڑھانے پر اتفاق کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی کی امن کے لیے کوششوں کو بھی سراہا۔
ملاقات میں دونوں وزرائے داخلہ نے افغان سرحد سے متعلق سکیورٹی چیلنجز، دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے اداروں کے درمیان رابطہ مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے اپنے دورے کے دوران پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں بھی کیں، جن میں دوطرفہ سکیورٹی، سرحدی انتظام اور علاقائی امور زیر بحث آئے۔





