پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے چینی کمپنی سے معاہدہ
اسلام آباد: پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں مقامی کمپنی اسٹار چارج انرجی پاکستان اور چین کی باہم گلوبل لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس معاہدے کا مقصد ملک بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کا جال بچھانا اور جدید ٹیکنالوجی پاکستان منتقل کرنا ہے۔
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان میں الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کے مطابق مجوزہ بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم پالیسی اور لیتھیم آئن بیٹریوں کی مقامی تیاری سے نہ صرف غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی بلکہ ایک پائیدار صنعتی نظام بھی تشکیل پائے گا۔
معاہدے کے تحت چینی کمپنی باہم گلوبل لمیٹڈ پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرے گی اور مقامی شراکت دار کے ساتھ مل کر ملک بھر میں چارجنگ انفراسٹرکچر قائم کرے گی۔ حکام کے مطابق یہ پاکستان کے ای وی شعبے میں بین الاقوامی تعاون، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مقامی پیداوار کے فروغ کی جانب پہلا بڑا قدم ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ چارجنگ اسٹیشنز کے نیٹ ورک کی توسیع سے الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال آسان ہوگا، درآمدی پیٹرولیم مصنوعات پر انحصار کم ہو گا، زرمبادلہ کی بچت ہوگی اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے ساتھ ملک کی توانائی کے تحفظ کو بھی تقویت ملے گی۔





