Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

کرپٹو مارکیٹ کس سمت جا رہی ہے؟ بڑے مالیاتی اداروں کی پیشگوئیاں، سرمایہ کاروں کے لیے نئے چیلنجز

کرپٹو مارکیٹ کس سمت جا رہی ہے؟ بڑے مالیاتی اداروں کی پیشگوئیاں، سرمایہ کاروں کے لیے نئے چیلنجز

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران عالمی کرپٹو مارکیٹ شدید اتار چڑھاؤ کا شکار رہی، جہاں ایک طرف بٹ کوائن اور دیگر بڑی کرپٹو کرنسیوں میں بحالی کی امیدیں ظاہر کی جا رہی ہیں، وہیں دوسری جانب بڑے مالیاتی ادارے سرمایہ کاروں کو محتاط رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق اس وقت کرپٹو کی سمت کا سب سے بڑا فیصلہ کن عنصر امریکی مرکزی بینک کی پالیسی، شرح سود، عالمی معیشت کی صورتحال اور ادارہ جاتی سرمایہ کاری کا رجحان ہے۔ حالیہ دنوں میں امریکی شرح سود سے متعلق خدشات اور عالمی سیاسی کشیدگی نے سرمایہ کاروں کو محتاط کر دیا ہے
امریکی مالیاتی ادارے سٹی گروپ نے حالیہ تجزیے میں بٹ کوائن اور ایتھیریم کے مستقبل کے اندازوں میں کمی کی ہے۔ ادارے کے مطابق کمزور سرمایہ کاری، کرپٹو فنڈز میں سرمایہ کے اخراج اور امریکہ میں ڈیجیٹل اثاثوں سے متعلق قانون سازی کی سست رفتار نے مارکیٹ کے امکانات کو متاثر کیا ہے۔ سٹی نے بٹ کوائن کے 12 ماہ کے ہدف کو 112,000 ڈالرز سے کم کرکے 82,000 ڈالرز کر دیا، جبکہ ایتھیریم کے ہدف میں بھی کمی کی گئی
تاہم بعض تجزیہ کار اب بھی سمجھتے ہیں کہ طویل مدت میں کرپٹو مارکیٹ کے لیے امکانات موجود ہیں۔ ان کے مطابق اگر امریکی ریگولیٹری ماحول بہتر ہوتا ہے، ادارہ جاتی سرمایہ کاری دوبارہ بڑھتی ہے اور شرح سود میں نرمی آتی ہے تو بٹ کوائن سمیت بڑی کرپٹو کرنسیوں میں دوبارہ تیزی آ سکتی ہے
تکنیکی ماہرین کے مطابق بٹ کوائن اس وقت اہم سطحوں کے درمیان حرکت کر رہا ہے۔ بعض تجزیوں میں کہا گیا ہے کہ اگر بٹ کوائن مزاحمتی سطحوں کو عبور کرنے میں کامیاب ہوتا ہے تو مزید اضافہ ممکن ہے، لیکن اہم سپورٹ سطح ٹوٹنے کی صورت میں دوبارہ دباؤ آ سکتا ہے
سرمایہ کاروں کے لیے ماہرین کا عمومی مشورہ یہ ہے کہ کرپٹو کو فوری منافع کے بجائے ایک پرخطر سرمایہ کاری کے طور پر دیکھا جائے۔ بڑے سرمایہ کار عموماً اپنی پوری رقم ایک ہی اثاثے میں لگانے کے بجائے مختلف شعبوں میں سرمایہ تقسیم کرنے، تحقیق کے بعد فیصلے کرنے اور مارکیٹ کے شدید اتار چڑھاؤ کے لیے تیار رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

مجموعی طور پر عالمی مالیاتی حلقوں کی رائے یہ ہے کہ کرپٹو کا مستقبل ختم نہیں ہوا، لیکن آنے والا مرحلہ آسان بھی نہیں ہوگا۔ بٹ کوائن اور دیگر ڈیجیٹل اثاثوں کی اگلی بڑی حرکت کا انحصار امریکی پالیسیوں، عالمی معیشت اور سرمایہ کاروں کے اعتماد پر ہوگا

قومی خبریں سے مزید