مقبوضہ کشمیر میں سیلاب کے بعد دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ، پاکستان میں الرٹ جاری

مقبوضہ کشمیر میں سیلاب کے بعد دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ

، پاکستان میں الرٹ جاری

لاہور / مظفرآباد: مقبوضہ جموں و کشمیر میں موسلادھار بارشوں اور اچانک آنے والے سیلاب کے بعد دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان کے محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن (FFD) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب اور راوی میں کم درجے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں شدید بارشوں کے باعث اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے کم از کم 11 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی میں لینڈ سلائیڈنگ سے ایک خاتون اور اس کے دو بچے جاں بحق ہوگئے۔ وادی نیلم میں بھی بادل پھٹنے کے باعث گھروں، دکانوں، گاڑیوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا، تاہم وہاں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
محکمہ آبپاشی پنجاب کے حکام کے مطابق شدید بارشوں کے بعد چند گھنٹوں کے لیے دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا، جس سے دریا درمیانے درجے کے سیلاب کی سطح میں داخل ہوگیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ انہیں بالائی علاقوں سے پانی کے اضافی بہاؤ کے بارے میں پیشگی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے خبردار کیا ہے کہ 20 سے 24 جولائی تک مغربی ہواؤں اور مون سون کے طاقتور نظام کے باعث دریائے چناب، جہلم، راوی، کابل اور ان سے منسلک ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ پنجاب کے متعدد شہروں میں شہری سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید