بی ٹی ایس کے گلوکار وی نے پاکستانی مداحوں کے دل جیت لیے
، بریانی اور کڑاہی کا ذکر سوشل میڈیا پر وائرل
دنیا کے مشہور جنوبی کوریائی میوزک گروپ بی ٹی ایس (BTS) کے رکن کِم تائی ہِیونگ، جنہیں وی (V) کے نام سے جانا جاتا ہے، نے پاکستانی مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی جب انہوں نے پاکستان کے دورے کی دعوت پر وہاں کے مشہور کھانوں کا ذکر کیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک پاکستانی مداح نے فین پلیٹ فارم پر وی سے سوال کیا کہ وہ پاکستان کب آئیں گے۔ جواب میں وی نے دلچسپ انداز میں پوچھا کہ اگر وہ پاکستان آئیں تو کیا مداح ان کے لیے بریانی اور کڑاہی بنائیں گے؟
وی کے اس جواب کے بعد پاکستانی بی ٹی ایس مداح، جنہیں آرمی (ARMY) کہا جاتا ہے، بے حد خوش ہو گئے اور سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرنے لگے۔ کئی مداحوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے خاص لمحہ ہے کہ عالمی شہرت یافتہ فنکار پاکستان کے مشہور کھانوں سے واقف ہیں۔
مداحوں نے وی کے تبصرے کو پاکستانی ثقافت اور کھانوں کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا موقع قرار دیا۔ کئی لوگوں نے مزاحیہ انداز میں بریانی اور کڑاہی کو پاکستان کی پہچان قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر وی پاکستان آئے تو ان کا استقبال روایتی کھانوں سے کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق وی اسی دن مختلف ممالک کے مداحوں سے بھی کھانوں کے حوالے سے بات کر رہے تھے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مختلف ثقافتوں اور مقامی کھانوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
پاکستانی مداحوں کے لیے یہ گفتگو صرف ایک کھانے کا ذکر نہیں بلکہ ایک عالمی فنکار کی جانب سے پاکستان اور اس کی ثقافت میں دلچسپی کا ایک یادگار لمحہ بن گئی ہے۔





