اسلام آباد کے ایف نائن پارک سے اسٹریٹ لائٹس کی تاریں چوری، بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے معروف ایف نائن پارک (فاطمہ جناح پارک) سے چور اسٹریٹ لائٹس کی بجلی کی تاریں چرا کر لے گئے، جس کے باعث پارک کا ایک بڑا حصہ بجلی سے محروم ہو کر اندھیرے میں ڈوب گیا۔ چوری ہونے والی تاروں کی مالیت تقریباً 10 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ مارگلہ پولیس میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 379 (چوری) کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ پارک کے سب انجینئر عنایت اللہ خان کی درخواست پر درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق پارک کے سیکیورٹی سپروائزر نے متعدد اسٹریٹ لائٹس بند دیکھیں، جس کے بعد معائنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ بجلی کی تاریں کاٹ کر چوری کر لی گئی ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے متعلقہ حکام کو اطلاع دی، جنہوں نے پولیس سے رابطہ کیا۔
حکام کے مطابق اس نوعیت کی چوریاں پہلے بھی ہو چکی ہیں، جہاں مبینہ طور پر چور بجلی کی تاریں کاٹ کر اسکریپ کے طور پر فروخت کرتے رہے، جس سے سرکاری ادارے کو مالی نقصان پہنچا۔
ایف نائن پارک اسلام آباد کے بڑے تفریحی مقامات میں شمار ہوتا ہے، جہاں شہری بڑی تعداد میں تفریح، واک اور ورزش کے لیے آتے ہیں۔ ماضی میں بھی پارک کی سیکیورٹی اور سہولیات کے حوالے سے مختلف مسائل سامنے آتے رہے ہیں۔





