اسلام آباد کی قدرتی ندی نالوں میں گندے پانی کے اخراج پر قومی اسمبلی کی تشویش، آلودگی روکنے کے اقدامات زیر غور
اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ نے وفاقی دارالحکومت کے قدرتی ندی نالوں میں گندے اور غیر صاف شدہ پانی کے اخراج پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اجلاس کی صدارت قائم مقام چیئرپرسن ڈاکٹر شازیہ صبیہ اسلم سومرو نے کی، جس میں اراکین نے اسلام آباد کے آبی ذرائع کی آلودگی اور ماحولیاتی بگاڑ کے بڑھتے ہوئے رجحان کی نشاندہی کی۔
کمیٹی کو بریفنگ میں وزارت کے حکام نے بتایا کہ غیر قانونی طور پر گندے پانی کے اخراج کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ حکام کے مطابق کورنگ نالہ کے مقام پر سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر جاری ہے، جس کا مقصد راول ڈیم میں جانے والی آلودگی کو کم کرنا ہے۔
اراکین نے زور دیا کہ اگر بروقت مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو اسلام آباد کے قدرتی آبی نظام اور شہری صحت دونوں کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں





