امریکہ میں صدارتی اختیارات کا فیصلہ کن امتحان، سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے ٹرمپ کی طاقت کا مستقبل طے کریں گے
واشنگٹن: امریکہ کی سپریم کورٹ کے موجودہ عدالتی اجلاس کا آخری ہفتہ ملکی سیاست اور آئینی تاریخ کے اہم ترین مراحل میں شمار کیا جا رہا ہے، جہاں کئی ایسے مقدمات پر فیصلے متوقع ہیں جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارتی اختیارات کی حدود کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ آنے والے تمام امریکی صدور کے اختیارات پر بھی گہرے اثرات مرتب کریں گے۔
عدالتِ عظمیٰ کے زیرِ التوا آٹھ اہم مقدمات میں سے تین براہِ راست صدر کے آئینی اختیارات سے متعلق ہیں۔ ان مقدمات میں یہ بنیادی سوالات زیرِ غور ہیں کہ آیا صدر کو وفاقی حکام کو اپنی مرضی سے برطرف کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہے، پیدائش کی بنیاد پر امریکی شہریت کے قوانین میں صدارتی مداخلت کی آئینی حیثیت کیا ہے، اور انتظامیہ کے فیصلوں پر عدالتی نگرانی کی حدود کہاں تک ہیں۔
یہ مقدمات ایسے وقت میں زیرِ سماعت ہیں جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ بارہا اپنے صدارتی اختیارات کے وسیع تصور کا اظہار کر چکے ہیں۔ گزشتہ ہفتے ایک انٹرویو میں ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے تناظر میں انہوں نے کہا تھا کہ صدر کے اختیارات کی “کوئی حد نہیں”۔
تاہم امریکی وفاقی عدالتیں متعدد مواقع پر اس مؤقف سے اختلاف کرتی رہی ہیں اور واضح کرتی آئی ہیں کہ صدر بھی آئین اور قانون کا پابند ہے، جبکہ عدلیہ کو انتظامیہ کے اقدامات کا جائزہ لینے اور ان کی آئینی حیثیت کا فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
آئینی ماہرین کے مطابق سپریم کورٹ کے آئندہ فیصلے نہ صرف ٹرمپ کی صدارتی پالیسیوں بلکہ امریکہ میں اختیارات کی تقسیم، وفاقی اداروں کی خودمختاری اور صدر و عدلیہ کے تعلقات کے مستقبل کے لیے بھی سنگِ میل ثابت ہو سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پورا امریکہ اس تاریخی ہفتے کے فیصلوں کا بے چینی سے انتظار کر رہا ہے، کیونکہ ان کے اثرات موجودہ دور سے آگے بڑھ کر آنے والی نسلوں کی امریکی سیاست اور آئینی نظام پر بھی مرتب ہوں گے





