مورمن نام کے استعمال پر تنازع، ایل ڈی ایس چرچ اور پوڈکاسٹر کے درمیان قانونی جنگ
واشنگٹن: مذہبی تنظیم چرچ آف جیزس کرائسٹ آف لیٹر ڈے سینٹس اور اس کے ایک سابق رکن و پوڈکاسٹر کے درمیان “مورمن” نام کے استعمال پر قانونی تنازع شدت اختیار کر گیا ہے، جس نے مذہبی شناخت اور تجارتی نشان (ٹریڈ مارک) کے قانون پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق چرچ نے اپنے سابق رکن جان ڈہلن کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے، جو اپنے مقبول پوڈکاسٹ “مورمن اسٹوریز” میں “مورمن” کی اصطلاح استعمال کرتے رہے ہیں۔
چرچ کا مؤقف ہے کہ یہ اصطلاح اس کی مذہبی اور ادارہ جاتی شناخت سے جڑی ہوئی ہے اور اس کے غیر مجاز استعمال سے عوام میں غلط فہمیاں پیدا ہو سکتی ہیں، جبکہ پوڈکاسٹر کا کہنا ہے کہ “مورمن” ایک تاریخی اور ثقافتی اصطلاح ہے جو کسی ایک ادارے کی ملکیت نہیں ہو سکتی۔
یہ تنازع اس وسیع بحث کا حصہ بن گیا ہے کہ جب کوئی مذہبی یا سماجی ادارہ اپنا نام یا برانڈ تبدیل کر لے تو کیا اس کے سابق ارکان یا عام لوگ پرانے نام کو آزادانہ طور پر استعمال کر سکتے ہیں یا نہیں۔
قانونی ماہرین کے مطابق یہ کیس صرف مذہبی آزادی کا نہیں بلکہ ٹریڈ مارک، شناخت اور اظہارِ رائے کے درمیان توازن کا بھی اہم سوال اٹھاتا ہے، جس کا فیصلہ مستقبل میں ایسے کئی دیگر مقدمات کے لیے مثال بن سکتا ہے





