’’ایپل کی گاڑی‘‘ آخرکار آ گئی؟ مگر حقیقت اس سے بھی زیادہ حیران کن نکلی
عالمی ٹیکنالوجی اور گاڑیوں کی صنعت میں ایک غیر معمولی بحث چھڑ گئی ہے۔ برسوں تک ’’ایپل کار‘‘ کے نام سے مشہور رہنے والا خواب اگرچہ کبھی حقیقت نہ بن سکا، لیکن اب ایک نئی برقی لگژری گاڑی نے دنیا بھر میں لوگوں کو یہ کہنے پر مجبور کر دیا ہے کہ شاید ایپل کی گاڑی آخرکار کسی اور نام سے سامنے آ گئی ہے۔
اطالوی کار فراری نے اپنی پہلی مکمل برقی سپر کار ’’لوسے‘‘ متعارف کرائی ہے، جس کے ڈیزائن میں سادگی، نفاست اور مستقبل کی جھلک نمایاں ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اس منصوبے میں ایپل کے سابق معروف ڈیزائنر Jony Ive کی مشاورتی ٹیم نے بھی کردار ادا کیا، جس کے بعد ناقدین اور مبصرین نے اسے ’’وہ ایپل کار جو کبھی بن نہ سکی‘‘ قرار دینا شروع کر دیا۔
ماہرین کے مطابق کئی برس قبل ایپل نے اپنی خفیہ گاڑی سازی کی کوشش ترک کر دی تھی، مگر اب اس نئی برقی گاڑی میں وہی سادہ اور جدید طرزِ فکر دیکھی جا رہی ہے جس نے ایپل کی مصنوعات کو دنیا بھر میں منفرد بنایا تھا۔
سوشل میڈیا پر اس گاڑی کو ’’ایپل کار‘‘ کا غیر سرکاری جانشین قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ روایتی سپر کار شائقین کا ایک حلقہ اسے فیراری کی روایتی شناخت سے دور قرار دے رہا ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ خبر گاڑی کی رفتار یا طاقت سے زیادہ اس سوال کے گرد گھوم رہی ہے کہ کیا دنیا کی سب سے مشہور ٹیکنالوجی کمپنی کا ادھورا خواب بالآخر کسی اور کے نشان کے ساتھ سڑکوں پر آ گیا ہے؟





