ایک چھوٹی چنگاری بڑے دھماکے کا سبب بن سکتی ہے
ایک چھوٹی چنگاری بڑے دھماکے کا سبب بن سکتی ہے
اسلام آباد: سیاسی اور سماجی بحران اکثر اچانک پیدا ہوتے دکھائی دیتے ہیں، لیکن ان کے پیچھے برسوں سے جمع ہونے والی معاشی ناہمواری، ناانصافی، بے روزگاری اور حکومتی سخت گیری موجود ہوتی ہے۔ اصل میں یہ پیش گوئی کرنا مشکل ہوتا ہے کہ وہ کون سا معمولی واقعہ ہوگا جو عوام کے غصے کو بڑے احتجاج یا بغاوت میں تبدیل کر دے گا۔
بنگلہ دیش میں سرکاری ملازمتوں میں کوٹے کا معاملہ ابتدا میں محدود مسئلہ محسوس ہوتا تھا، لیکن یہی معاملہ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی طویل حکمرانی کے خاتمے کا باعث بننے والی عوامی تحریک کی چنگاری ثابت ہوا۔ حکومت نے بعد میں ملازمتوں کے کوٹے میں کمی بھی کی، مگر اس وقت تک احتجاج وسیع عوامی تحریک میں تبدیل ہو چکا تھا۔
نیپال میں بھی سیاسی بدعنوانی، بے روزگاری اور شدید معاشی عدم مساوات پہلے سے موجود تھیں، تاہم ستمبر 2025 میں حکومت کی جانب سے 26 سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم پر پابندی نے نوجوانوں کے غصے کو احتجاج میں بدل دیا۔ حکومت نے چند روز بعد پابندی واپس لے لی، لیکن اس وقت تک مظاہروں میں جانی نقصان ہو چکا تھا اور سرکاری عمارتیں نذرِ آتش کی جا چکی تھیں۔
بھارت میں امتحانی پرچوں کے افشا کے خلاف نوجوانوں کی تحریک بھی محض امتحانات تک محدود نہیں رہی بلکہ اس نے نظامِ حکومت، سیاسی اثر و رسوخ اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے حوالے سے نوجوانوں کی گہری بے چینی کو ظاہر کیا۔ بھارتی حکومت نے احتجاج کے اہم مطالبات پر نسبتاً جلد توجہ دی اور بڑے پیمانے پر طاقت کے استعمال سے گریز کیا، جس کے باعث صورتحال مزید بگڑنے سے بچ گئی۔
تاریخ میں بھی ایسی کئی مثالیں موجود ہیں جب حکومت کی جانب سے احتجاج کو طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش نے مسئلے کو مزید سنگین بنا دیا۔ 1905 میں روس میں ایک بڑی مگر ابتدائی طور پر پُرامن عوامی ریلی پر فائرنگ کے نتیجے میں عوامی غصہ مزید بڑھا اور اس واقعے نے بعد کے انقلابی حالات کو جنم دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
تجزیے کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ حکومتوں کو عوامی شکایات اس وقت دور کرنی چاہئیں جب وہ ابتدائی مرحلے میں ہوں۔ اگر معاشی ناانصافی، سیاسی محرومی، بے روزگاری اور ریاستی سخت گیری طویل عرصے تک برقرار رہیں تو معمولی سا واقعہ بھی بڑے عوامی ردعمل کی وجہ بن سکتا ہے۔
ریاست کے لیے ضروری ہے کہ ہر احتجاج کو طاقت سے دبانے کے بجائے اس کے بنیادی اسباب کو سمجھا جائے، عوام کے مطالبات سنے جائیں اور مسائل کا بروقت حل تلاش کیا جائے۔ ماضی میں کامیاب رہنے والی حکمتِ عملی لازماً موجودہ حالات میں بھی کامیاب ہو، یہ ضروری نہیں


