کینیڈا اور ٹورنٹو کی شراکت سے ہزاروں نئے کرایے کے گھروں کی تعمیر کا اعلان
کینیڈا اور ٹورنٹو کی شراکت سے ہزاروں نئے کرایے کے گھروں کی تعمیر کا اعلان
اوٹاوا/ٹورنٹو: کینیڈا کی وفاقی حکومت اور ٹورنٹو کی بلدیہ نے رہائشی بحران پر قابو پانے کے لیے ایک بڑے منصوبے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت آئندہ تین برسوں میں دو ارب ستر کروڑ کینیڈین ڈالر کی سرمایہ کاری سے شہر میں اٹھارہ سے زائد رہائشی منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔
اعلان کے مطابق اس منصوبے کے تحت پانچ ہزار چھ سو سے زائد نئے کرایے کے گھر تعمیر کیے جائیں گے، جن میں تقریباً اٹھارہ سو گھر کم آمدنی والے افراد، خصوصی معاونت کے محتاج شہریوں اور مناسب کرایے کی سہولت کے تحت فراہم کیے جائیں گے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ رواں سال کے اختتام سے پہلے چار ہزار پانچ سو سے زائد گھروں کی تعمیر کا عملی آغاز کر دیا جائے گا تاکہ رہائش کی شدید قلت کو جلد از جلد کم کیا جا سکے۔
وفاقی حکومت اس منصوبے کے لیے کم لاگت قرضوں اور مالی معاونت کی فراہمی یقینی بنائے گی، جبکہ ٹورنٹو کی بلدیہ سرکاری اراضی، ترقیاتی سہولتیں اور دیگر مراعات فراہم کرے گی تاکہ تعمیراتی کام تیز رفتاری سے مکمل ہو سکے۔
وزیراعظم مارک کارنی نے کہا کہ ٹورنٹو میں کئی برسوں سے ضرورت کے مطابق گھر تعمیر نہیں کیے گئے، جس کے باعث کرایوں اور گھروں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ رہائش کی فراہمی بڑھانے، کرایوں پر دباؤ کم کرنے اور متوسط و کم آمدنی والے خاندانوں کو بہتر رہائشی مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
دوسری جانب حزبِ اختلاف نے حکومتی اعلان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے سے رہائشی بحران مکمل طور پر حل نہیں ہوگا اور ملک میں درکار لاکھوں نئے گھروں کے مقابلے میں یہ اقدام ناکافی ہے


