کارنی حکومت کا فوڈ پروسیسنگ شعبے پر بڑا داؤ، خوراک کی درآمدی انحصار کم کرنے کا منصوبہ
کارنی حکومت کا فوڈ پروسیسنگ شعبے پر بڑا داؤ، خوراک کی درآمدی انحصار کم کرنے کا منصوبہ
کینیڈا کی وفاقی حکومت نے ملک میں خوراک کی پروسیسنگ کی صلاحیت بڑھانے کے لیے ایک جامع قومی حکمتِ عملی متعارف کرائی ہے، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ خوراک کی پیداوار اور پروسیسنگ کینیڈا کے اندر کرنا، درآمدات پر انحصار کم کرنا اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو مستحکم بنانا ہے۔
وزیراعظم مارک کارنی کی حکومت کے منصوبے کے تحت آئندہ دس برسوں میں 3 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس میں فوڈ پروسیسنگ صنعت کی توسیع، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی معاونت، زرعی جدت، گرین ہاؤسز اور سال بھر پھلوں اور سبزیوں کی مقامی پیداوار بڑھانے کے اقدامات شامل ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے کینیڈین کسانوں کو اپنی پیداوار ملک کے اندر ہی پراسیس کرانے کے زیادہ مواقع ملیں گے، نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی، سپلائی چین مضبوط ہوگی اور عالمی تجارتی دباؤ یا موسمیاتی تبدیلیوں کے باوجود خوراک کی فراہمی زیادہ محفوظ اور مستحکم رہے گی۔
اس حکمتِ عملی میں گروسری مارکیٹ میں مسابقت بڑھانے، فوڈ انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری، ضابطہ جاتی رکاوٹیں کم کرنے اور خوراک کی صنعت میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا ہے تاکہ صارفین کو زیادہ انتخاب اور مناسب قیمتوں پر خوراک دستیاب ہو سکے۔


