کوئٹہ کوئلہ کان سانحہ: آخری دو کان کنوں کی لاشیں بھی نکال لی گئیں، ریسکیو آپریشن مکمل
کوئٹہ کوئلہ کان سانحہ: آخری دو کان کنوں کی لاشیں بھی نکال لی گئیں، ریسکیو آپریشن مکمل
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قریب سورنگ کوئلہ فیلڈ میں میتھین گیس کے دھماکے کے بعد لاپتا رہنے والے آخری دو کان کنوں کی لاشیں بھی نکال لی گئی ہیں، جس کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے کان کنوں کی مجموعی تعداد 34 ہو گئی ہے۔
چیف انسپکٹر آف مائنز بلوچستان محمد عاطف کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے مسلسل کئی گھنٹوں کی کارروائی کے بعد دونوں لاشیں برآمد کیں۔ اس سے قبل جمعہ کو 32 کان کنوں کی لاشیں نکالی جا چکی تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ جمعرات کو کوئٹہ سے تقریباً 30 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ایک نجی کوئلہ کان میں میتھین گیس بھر جانے کے باعث ہوا، جس سے آگ بھڑک اٹھی، کان کا بڑا حصہ منہدم ہو گیا اور قریب موجود ایک دوسری کان بھی متاثر ہوئی۔
ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد دونوں کانوں کو سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے کان کنی کے ماہرین پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو واقعے کی مکمل تحقیقات کرے گی۔


