دنیا میں زبانوں کی تعداد میں تیزی سے کمی، تحقیق کے مطابق ہزاروں زبانیں تاریخ کا حصہ بن چکیں
دنیا میں زبانوں کی تعداد میں تیزی سے کمی، تحقیق کے مطابق ہزاروں زبانیں تاریخ کا حصہ بن چکیں
واشنگٹن: ایک نئی سائنسی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا میں زبانوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق آج دنیا میں تقریباً 7,500 زبانیں بولی اور سمجھی جاتی ہیں، جبکہ ماضی میں یہ تعداد کئی گنا زیادہ ہو سکتی تھی۔
تحقیق کے مطابق انسانی تاریخ میں ایک ایسا دور بھی آیا جب دنیا میں زبانوں کا تنوع اپنے عروج پر تھا۔ ماہرین نے اندازہ لگایا ہے کہ تقریباً 3 ہزار سے ایک ہزار سال قبل کے عرصے میں دنیا میں دسیوں ہزار مختلف زبانیں موجود تھیں۔
محققین نے ریاضیاتی ماڈلز، لسانیات، بشریات اور آبادیاتی معلومات کی مدد سے گزشتہ تقریباً 12 ہزار سال کے دوران زبانوں کے پھیلاؤ اور خاتمے کا جائزہ لیا۔ ان کے مطابق بڑی سلطنتوں کے پھیلاؤ، غالب ثقافتوں کے اثر و رسوخ اور نوآبادیاتی دور میں زبانوں کی تبدیلی نے کئی زبانوں کو ختم کر دیا۔
ییل یونیورسٹی کی ماہرِ لسانیات کلیئر بوورن کے مطابق زبانیں صرف بات چیت کا ذریعہ نہیں بلکہ ان میں معاشروں کی تاریخ، علم، روایات اور یادیں محفوظ ہوتی ہیں۔ زبانوں کا خاتمہ انسانی ثقافتی ورثے کے نقصان کے برابر ہے۔
تحقیق کے مطابق دنیا کی تقریباً نصف موجودہ زبانیں خطرے سے دوچار ہیں، جبکہ دنیا کی بڑی آبادی چند بڑی زبانیں استعمال کرتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چھوٹی زبانوں کے تحفظ کے لیے دستاویزی کام اور مقامی سطح پر اقدامات ضروری ہیں۔


