گرمیوں میں کینیڈا میں خون کی فراہمی توقع سے زیادہ تیزی سے کیوں کم ہو رہی ہے؟
گرمیوں میں کینیڈا میں خون کی فراہمی توقع سے زیادہ تیزی سے کیوں کم ہو رہی ہے؟
کینیڈین بلڈ سروسز نے خبردار کیا ہے کہ اس موسمِ گرما میں ملک بھر میں خون کے ذخائر معمول سے کہیں زیادہ تیزی سے کم ہوئے ہیں۔ ادارے کے مطابق یکم جون سے اب تک خون کی دستیاب مقدار میں تقریباً 20 فیصد کمی آ چکی ہے، جو عام موسمی کمی سے کہیں زیادہ ہے۔
- موسمِ گرما میں بہت سے باقاعدہ عطیہ دہندگان تعطیلات پر چلے جاتے ہیں، جس سے عطیات کی تعداد کم ہو جاتی ہے۔
- اسکول، کالج اور یونیورسٹیوں میں لگنے والے بلڈ ڈرائیوز گرمیوں کی چھٹیوں کے باعث بند ہو جاتے ہیں۔
- بہت سے لوگ مصروفیات یا سفر کی وجہ سے پہلے سے بک کی گئی اپائنٹمنٹس پر نہیں پہنچتے۔
- دوسری جانب اسپتالوں میں خون کی ضرورت بدستور برقرار رہتی ہے، خاص طور پر حادثات، سرجری، کینسر کے مریضوں اور زچگی کے دوران خون کی ضرورت کے باعث۔
کینیڈین بلڈ سروسز کے مطابق ملک بھر میں اسپتالوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہر ہفتے تقریباً 18 ہزار خون کے عطیات درکار ہوتے ہیں، لیکن گزشتہ کئی ہفتوں سے مقررہ تعداد سے 1,500 سے 2,500 کم عطیات موصول ہو رہے ہیں، جس کے باعث موجودہ ذخائر پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے۔
ادارے نے تمام اہل شہریوں، خاص طور پر پہلے سے رجسٹرڈ اور نئے عطیہ دہندگان، سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد خون عطیہ کریں۔ تمام بلڈ گروپس کی ضرورت ہے، اور اگر کسی نے پہلے سے وقت لیا ہوا ہے تو وہ اپنی اپائنٹمنٹ ضرور پوری کرے تاکہ مریضوں کو بروقت خون کی فراہمی جاری رکھی جا سکے۔


