فیفا ورلڈ کپ کے بعد 175 غیر ملکیوں نے کینیڈا میں پناہ کی درخواستیں دائر کر دیں
فیفا ورلڈ کپ کے بعد 175 غیر ملکیوں نے کینیڈا میں پناہ کی درخواستیں دائر کر دیں
اوٹاوا: کینیڈا میں 2026 فیفا ورلڈ کپ کے دوران عارضی ویزوں پر آنے والے 175 غیر ملکی شہریوں نے میچوں کے اختتام کے بعد ملک میں پناہ (اسائلم) کی درخواستیں دائر کر دی ہیں، جس کے بعد امیگریشن نظام پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
کینیڈا کے محکمہ امیگریشن (IRCC) کے مطابق ان افراد نے اپنے ویزا فارم میں سفر کا مقصد فیفا ورلڈ کپ بتایا تھا، تاہم بعد ازاں انہوں نے اسائلم کی درخواستیں جمع کرا دیں۔ درخواست گزاروں کا تعلق 12 ممالک سے ہے، جن میں پاکستان، بنگلہ دیش، چین، گھانا، مصر، کینیا، کولمبیا، نائیجیریا، نیپال، برونڈی، سینیگال اور ایکواڈور شامل ہیں۔ سب سے زیادہ 25 درخواستیں گھانا کے شہریوں نے جمع کرائیں۔
حکام کے مطابق ورلڈ کپ کے لیے آنے والے مجموعی زائرین کے مقابلے میں اسائلم کی درخواستوں کی شرح بہت کم ہے، تاہم اس معاملے نے کینیڈا کے ویزا نظام اور سرحدی نگرانی کے حوالے سے سیاسی بحث کو دوبارہ تیز کر دیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ہر درخواست کا جائزہ کینیڈین قوانین اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق انفرادی بنیاد پر لیا جائے گا۔


