اوڈیسیئس کا سفر
اوڈیسیئس کا سفر
✍️ عبدالرحمان پٹیل
ہیوسٹن
سمندر کی بے رحم لہروں کے بیچوں بیچ، اپنی ٹوٹی ہوئی کشتی کے چند تختوں کو جوڑ کر جب اوڈیسیئس خود کو پانی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیتا ہے، تو وہ انسانوں اور دیوتاؤں سے زندگی کی سب سے طویل جنگیں جیتنے کے بعد اب اپنی ہی فتح سے بیزار ہو چکا ہوتا ہے۔ تقریباً تین ہزار سال پہلے یونانی شاعر ہومر نے ‘ٹروائے’ کی تاریخی جنگ اور اس کے بعد اوڈیسیئس کے دس سالہ آوارہ وطن سفر کی جو رزمیہ داستان لکھی تھی، وہ صرف ایک بادشاہ کی کہانی نہیں تھی بلکہ وہ انسانی وجود، اس کی انا اور اس کی آفاقی تلاش کا فلسفہ تھا تاریخ بتاتی ہے کہ سکندرِ اعظم جیسے دنیا کو فتح کرنے والے حکمران بھی ہومر کی اس تحریر کو راتوں کو تکیے کے نیچے رکھ کر سوتے تھے اور اسی سے تسخیر کے خواب دیکھتے تھے لیکن تین ہزار سال کے طویل عرصے کے بعد، آج کے جدید اور تکنیکی دور میں، کرسٹوفر نولن جیسے گہرے فلسفیانہ ذہن رکھنے والے ہدایت کار نے اسی تین ہزار سال پرانی داستان کو دوبارہ زندہ کر کے آج کے انسان کو ایک بار پھر ایک گہرے فکری موڑ پر لا کھڑا کیا ہے
نولن کی یہ فلم محض دیوتاؤں کی اساطیری جنگوں کا تماشا نہیں، بلکہ یہ اس ‘انسان’ کی کہانی ہے جو دنیا بھر کو تسخیر کر لینے کے بعد اپنے ہی اندر کی ویرانی سے ہار جاتا ہے اگر غور کیا جائے تو ہم میں سے ہر شخص اپنی ایک الگ “اوڈیسی” میں مبتلا ہے ہم زندگی بھر لڑتے ہیں، کمانے اور آفرین سمیٹنے کی اندھی دوڑ میں بھاگتے ہیں، اور اقتدار، شہرت یا رتبے کی فتوحات اکٹھی کرتے رہتے ہیں۔ ہم سے جب پوچھا جائے کہ ہم یہ سب کیوں کر رہے ہیں؟ تو ہم روایتی انداز میں کہتے ہیں: “اپنے لیے، اپنے خاندان کے لیے، یا اپنے وقار کے لیے۔” مگر نولن اسی ادھورے جواب کی تلاش میں نکلا ہے۔ ہومر کے قصے ہوں یا انسان کی موجودہ جدوجہد ان کا اصل مرکز جنگ یا فتح نہیں، بلکہ جنگ کے بعد بیدار ہونے والی وہ دانائی ہے جو انسان کو یہ سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ اس نے زندگی کے اس لامتناہی سفر میں کیا پایا اور کیا کھویا
فلم کے فریموں میں دکھائی دینے والا وہ بوڑھا اور نِڈھال کتا جو اپنے مالک کی جدائی میں موت کے قریب ہے مگر امید کی آخری رمق پر زندہ ہے، اور وہ اندھا غلام جو آزاد ہونا چاہتا تھا مگر وفاداری کے دھاگے میں بندھا اپنے آقا کے لوٹ آنے کا منتظر ہے یہ سب انسان کی اندرونی غلامی، پیاس اور اس کے روح کی تڑپ کی آفاقی علامتیں ہیں ہم دنیا بھر کی حکومتیں قائم کر لیں، کروڑوں لوگوں پر حکمرانی کر لیں، مگر آخر کار ہم سب کو اپنی ٹوٹی ہوئی کشتی کے تختے جوڑ کر اسی سمندر کے سپرد ہونا ہے جہاں سے ہم آئے تھے انسان کا یہ سفر کائنات میں کسی بڑی فتح کے لیے نہیں، بلکہ اپنے اصل مرکز تک پہنچنے اور وہاں جا کر اپنے اعمال کا جواب دینے کے لیے ہے اگر دنیا کی تمام تر فتوحات اور مال و دولت حاصل کر لینے کے بعد بھی انسان کو اپنے سفر کے اختتام پر خالی ہاتھ ہی لوٹنا پڑے اور اپنے ایک ایک عمل کا حساب دینا ہو… تو پھر جن چیزوں کو حاصل کرنے کے لیے ہم نے اپنا چین، اپنے اخلاق اور اپنے رشتے قربان کر دیے، کیا وہ واقعی اس قیمت کے قابل تھیں؟
یہ فلم صرف تفریح یا وقت گزاری کا ذریعہ نہیں ہے، بلکہ یہ سینما کے پردے پر تخلیق کیا گیا ایک ایسا فکری اور فلسفیانہ شاہکار ہے جو قاری اور ناظر دونوں کے ذہن پر گہرے نقوش چھوڑتا ہے۔ اگر آپ سینما کے حقیقی سحر، اعلیٰ درجہ کی موسیقی اور انسانی نفسیات کی گہرائی کو محسوس کرنا چاہتے ہیں، تو یہ فلم آپ کے لیے ہائلی ریکمنڈڈ ہے۔ اسے اپنے گھر کی چھوٹی اسکرین پر ٹالنے کے بجائے سینما ہال میں جا کر بڑے پردے پر ضرور دیکھیں، تاکہ آپ نولن کے اس شاہکار اور ہومر کے تین ہزار سال پرانے فلسفے کی سچی روح کو محسوس کر سکیں


