Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

چین، جاپان اور دیگر امریکی تجارتی شراکت داروں کا ٹرمپ کے نئے محصولات منصوبے پر سخت ردعمل، تجارتی جنگ کا خطرہ بڑھ گیا

چین، جاپان اور دیگر امریکی تجارتی شراکت داروں کا ٹرمپ کے نئے محصولات منصوبے پر سخت ردعمل، تجارتی جنگ کا خطرہ بڑھ گیا

ہانگ کانگ: چین، جاپان اور امریکہ کے دیگر تجارتی شراکت داروں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے نئے درآمدی محصولات عائد کرنے کے منصوبے پر احتجاج کرتے ہوئے امریکی الزامات کو مسترد کر دیا ہے کہ ان ممالک میں ضرورت سے زیادہ صنعتی پیداواری صلاحیت عالمی تجارت کو نقصان پہنچا رہی ہے
امریکی انتظامیہ نے بدھ کو نئے محصولات کا اعلان کیا، جن کے آئندہ سال کے آغاز میں نافذ ہونے کا امکان ہے،یہ اقدام امریکی سپریم کورٹ کی فروری میں دیے گئے فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں گزشتہ سال صدر ٹرمپ کی جانب سے وسیع پیمانے پر عائد کیے گئے بیشتر محصولات کو کالعدم قرار دے دیا گیا تھا،نئے محصولات کا مقصد مختلف ممالک پر درآمدی ڈیوٹیاں دوبارہ نافذ کرنا ہے
امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر کے مطابق، 14 معیشتوں کے صنعتی شعبوں میں ضرورت سے زیادہ پیداواری صلاحیت اور پیداوار سے متعلق پالیسیوں کی تحقیقات کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ ان ممالک کے تجارتی طریقے غیر منصفانہ ہیں اور امریکی تجارت پر منفی اثر ڈال رہے ہیں،یہ تحقیقات امریکی تجارتی قانون کے سیکشن 301 کے تحت کئی ماہ جاری رہیں
چین، جو امریکہ کے بڑے تجارتی شراکت داروں میں شامل ہے، نئے منصوبے کے تحت 20 فیصد اضافی محصول کا سامنا کرے گا،امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر چین تحقیقات کے مطابق مناسب تعاون نہ کرتا اور اپنی پالیسیوں میں مطلوبہ تبدیلی نہ لاتا تو یہ شرح بڑھا کر 40 فیصد تک کی جا سکتی ہے
چین نے ضرورت سے زیادہ پیداواری صلاحیت کے امریکی الزام کو مسترد کرتے ہوئے اسے ایک غلط مفروضہ قرار دیا ہے،چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گوو جیاکون نے معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ چین اس الزام کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیے جانے کی مخالفت کرتا ہے،انہوں نے امریکی اقدامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ محصولات اور تجارتی جنگیں کسی مسئلے کا حل نہیں
نئے محصولات کے اعلان سے عالمی تجارت میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں،چین سمیت متعدد تجارتی شراکت داروں کی مخالفت کے بعد امریکہ اور بڑی عالمی معیشتوں کے درمیان تجارتی تعلقات مزید پیچیدہ ہونے کا امکان ہے، جبکہ نئے محصولات کے نفاذ سے بین الاقوامی تجارت، صنعتی پیداوار، قیمتوں اور کاروباری سرگرمیوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے

قومی خبریں سے مزید