مکہ دفاعی اتحاد کا اہم اجلاس اسلام آباد میں، سعودی عرب اور یمن کی کشیدگی بھی ایجنڈے میں شامل
اسلام آباد: پاکستان آج مکہ دفاعی اتحاد کے اعلیٰ سطحی فیصلہ ساز ادارے کے دو روزہ اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے، جس میں سعودی عرب، پاکستان اور ترکی کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع شرکت کریں گے،اجلاس میں یمن کی صورتحال، سعودی عرب کو حوثی حملوں سے لاحق خطرات اور تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے عملی طریقہ کار پر غور کیا جائے گا
اسلام آباد میں اس اجلاس کے پیش نظر آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ اہم شاہراہوں اور مختلف علاقوں میں خصوصی نقل و حرکت کی پابندیاں نافذ کی گئی ہیں،راولپنڈی میں بھی مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے
اسلام آباد میں ہونے والے اس اجلاس میں اسٹریٹیجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی (SPDC) کے تیسرے اجلاس کے دوران دفاعی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے ضابطہ کار، مشترکہ نظام اور تینوں ممالک کے سیاسی، دفاعی اور فوجی اداروں کے درمیان رابطوں اور تعاون کو منظم کرنے کے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے کی توقع ہے
وزیر دفاع خواجہ آصف نے جمعرات کو کہا تھا کہ سعودی عرب، ترکی اور پاکستان کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع اجلاس میں شرکت کریں گے اور سعودی عرب کے جنوب میں مسلسل جاری کشیدگی بھی اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔ انہوں نے اس معاملے کو انتہائی اہم قرار دیا
یمن میں خانہ جنگی کے دوران لڑائی شدت اختیار کرنے کے بعد سعودی عرب کو حوثی تحریک، جسے انصار اللہ بھی کہا جاتا ہے، کی جانب سے متعدد حملوں کا سامنا رہا ہے،ان حملوں میں شہروں، تیل کی تنصیبات اور بحری جہازوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، جس سے خطے کی سلامتی اور تجارتی راستوں کو خطرات لاحق ہیں
خواجہ آصف نے دفاعی معاہدے کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کے تحت سعودی عرب کو لاحق کسی بھی خطرے کو پاکستان اور ترکی کے لیے بھی خطرہ تصور کیا جائے گا، اور اس حوالے سے معاہدے کی شق واضح ہے
یہ اجلاس تینوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو عملی شکل دینے، مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے اور خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے






