Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

کریمیا میں بڑے پیمانے پر بجلی کا بریک ڈاؤن، پوتن کے زیر قبضہ علاقے میں نظام زندگی متاثر، زیلنسکی کا روسی حملے کا انتباہ

یوکرین جنگ کے دوران روس کے زیر قبضہ جزیرہ نما کریمیا میں بڑے پیمانے پر بجلی کی بندش نے معمولات زندگی درہم برہم کر دیے ہیں،پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام متاثر ہوا جبکہ متعدد علاقوں میں شہریوں کو بجلی اور گھروں میں حرارت کی سہولت سے محروم ہونا پڑا،یہ صورتحال ایسے وقت میں پیدا ہوئی ہے جب یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے روس کی جانب سے ایک نئے بڑے حملے کی تیاریوں کا انتباہ جاری کیا ہے
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے زیر انتظام حکام نے بجلی کی بندش کی وجہ علاقے سے باہر توانائی کی تنصیبات میں پیش آنے والا ایک حادثہ قرار دی ہے،تاہم اس سے قبل کریمیا کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی اطلاعات اور فضائی حملے کے سائرن بھی سنے گئے تھے
یہ بلیک آؤٹ ایسے وقت میں ہوا ہے جب گزشتہ ہفتے یوکرینی حملوں کے نتیجے میں آبنائے کرچ کے پل کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں،یہ پل روس اور کریمیا کے درمیان اہم رابطہ ہے اور روسی فوج کے لیے رسد اور فوجی سازوسامان کی ترسیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے
دوسری جانب صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرینی انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق روس توانائی کے بنیادی ڈھانچے، رسدی نظام اور شہریوں کو ضروری سہولتیں فراہم کرنے والی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی تیاری کر رہا ہے
زیلنسکی نے جمعرات کو ایک رابطہ اجلاس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ بدقسمتی سے روسی افواج نئے بڑے حملے کی تیاریاں مکمل کر رہی ہیں،انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق توانائی کی تنصیبات، رسدی ڈھانچے اور شہروں و آبادیوں میں بنیادی خدمات فراہم کرنے والے مراکز ممکنہ اہداف میں شامل ہیں
حالیہ پیش رفت نے کریمیا میں روسی کنٹرول، فوجی رسد کے راستوں اور یوکرین کے توانائی کے نظام کے تحفظ سے متعلق خدشات مزید بڑھا دیے ہیں

قومی خبریں سے مزید