Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

جیٹ بلیو ایئرلائن کے ساتھ کیا ہوا؟ کبھی سستی اور بہترین سروس کی علامت سمجھی جانے والی امریکی ایئرلائن 8.4 ارب ڈالر کے قرض اور مالی بحران میں کیوں پھنس گئی؟

جیٹ بلیو ایئرلائن کے ساتھ کیا ہوا؟ کبھی سستی اور بہترین سروس کی علامت سمجھی جانے والی امریکی ایئرلائن 8.4 ارب ڈالر کے قرض اور مالی بحران میں کیوں پھنس گئی؟
امریکی جریدے دی اٹلانٹک (The Atlantic) نے اپنی تازہ رپورٹ میں امریکی فضائی کمپنی جیٹ بلیو (JetBlue) کے مالی بحران کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ ایئرلائن، جو کبھی کم کرایوں اور بہتر سفری سہولتوں کے باعث امریکی مسافروں میں غیر معمولی مقبول تھی، اب شدید کاروباری دباؤ کا شکار ہے
کمپنی 2019 کے بعد سے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان اٹھا چکی ہے اور اس پر تقریباً 8.4 ارب ڈالر کا قرض ہے،قرض خواہوں کی جانب سے مالیاتی تنظیم نو کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی اطلاعات کے بعد یہ خدشات بھی پیدا ہوئے کہ کمپنی دیوالیہ پن کے تحفظ کے لیے عدالت سے رجوع کر سکتی ہے،تاہم چیف ایگزیکٹو جوانا جیرگھٹی نے ان خدشات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی کے پاس کاروبار جاری رکھنے کے لیے مناسب وسائل موجود ہیں اور وہ آئندہ سال دوبارہ منافع میں آنے کا ہدف رکھتی ہے
جیٹ بلیو کی کامیابی کا دور
جیٹ بلیو نے 2000 میں پروازوں کا آغاز کیا تھا،اس وقت کمپنی نے خود کو انتہائی سستی ایئرلائنز اور بڑی روایتی فضائی کمپنیوں کے درمیان ایک بہتر متبادل کے طور پر متعارف کرایا،اس کی خاص بات یہ تھی کہ وہ مسافروں کو نسبتاً کم کرایوں پر زیادہ سہولتیں فراہم کرتی تھی
کمپنی نے مسافروں کو زیادہ ٹانگیں پھیلانے کی جگہ، معیاری کھانے، مفت سیٹلائٹ ٹیلی ویژن اور چمڑے کی نشستیں فراہم کیں،اس کے باوجود اس کے ٹکٹ بڑی ایئرلائنز کے مقابلے میں سستے تھے
جیٹ بلیو نے ابتدائی برسوں میں اخراجات کم رکھنے کے لیے اپنے بیڑے میں ایک ہی قسم کے طیارے رکھے، جس سے مرمت اور دیکھ بھال کے اخراجات کم رہے،اس وقت اس کے ملازمین کی یونین بھی نہیں تھی،کمپنی نے ابتدا میں تمام مسافروں کے لیے نشستوں کی ایک ہی کلاس رکھی، جس سے زیادہ جگہ فراہم کرنا ممکن ہوا
کمپنی کی کامیابی اس قدر تیزی سے بڑھی کہ ڈیلٹا اور یونائیٹڈ جیسی بڑی ایئرلائنز نے بھی اس کے کاروباری ماڈل کی نقل کرنے کی کوشش کی، لیکن ان کے کم کرایوں والے منصوبے زیادہ عرصہ کامیاب نہ رہ سکے
2014 میں جیٹ بلیو نے طویل فاصلے کی پروازوں کے لیے منٹ (Mint) کے نام سے پریمیم کیبن متعارف کرایا، جس میں مکمل طور پر بستر میں تبدیل ہونے والی نشستیں فراہم کی گئیں،ان کی قیمتیں بھی بڑی فضائی کمپنیوں کے مقابلے میں کم رکھی گئیں،2010 کی دہائی کے آخری برسوں تک جیٹ بلیو امریکا کی پانچویں بڑی ایئرلائن بن چکی تھی
کاروباری حکمت عملی کیوں ناکام ہونے لگی؟
دی اٹلانٹک کے مطابق گزشتہ ایک دہائی کے دوران فضائی سفر کی مارکیٹ میں بنیادی تبدیلیاں آئیں،ایک طرف نئی کم قیمت ایئرلائنز نے بغیر اضافی سہولتوں کے انتہائی سستے ٹکٹ فراہم کرنا شروع کر دیے، جبکہ دوسری طرف بڑی فضائی کمپنیوں نے کاروباری مسافروں، بین الاقوامی پروازوں اور کریڈٹ کارڈ شراکت داریوں کے ذریعے اپنی آمدنی میں نمایاں اضافہ کیا
جیٹ بلیو ان دونوں کے درمیان پھنس گئی
کمپنی کے پرانے طیارے اب عمر رسیدہ ہو چکے ہیں، جس سے ان کی مرمت اور دیکھ بھال کے اخراجات بڑھ گئے ہیں،اس کے علاوہ 2014 سے ملازمین کی یونین سازی شروع ہوئی، جس کے نتیجے میں تنخواہوں اور دیگر اخراجات میں اضافہ ہوا
کمپنی کے لیے اب انتہائی کم کرایوں پر مقابلہ کرنا مشکل ہو گیا ہے، کیونکہ اس کے اخراجات کم قیمت ایئرلائنز کے مقابلے میں زیادہ ہیں دوسری طرف وہ بڑی ایئرلائنز کی طرح کاروباری مسافروں کو بھی اپنی طرف متوجہ نہیں کر پا رہی
اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ جیٹ بلیو کے زیادہ تر طیاروں میں بزنس یا فرسٹ کلاس کی سہولت موجود نہیں اور اس کا پروازوں کا نیٹ ورک بھی ڈیلٹا، یونائیٹڈ اور امریکن ایئرلائنز کے مقابلے میں محدود ہے
کمپنی کا وفادار مسافروں کا پروگرام ٹرو بلیو (TrueBlue) بھی بڑی ایئرلائنز کے پروگراموں کی طرح آمدنی پیدا نہیں کر سکا،اس پروگرام سے رواں سال تقریباً ایک ارب ڈالر کی آمدنی متوقع ہے، جبکہ ڈیلٹا ایئرلائن اپنے امریکن ایکسپریس کے ساتھ منسلک اسکائی مائلز کریڈٹ کارڈ پروگرام سے سالانہ 8 ارب ڈالر سے زیادہ کماتی ہے
امریکی کاروبار کا نیا مسئلہ: درمیانی طبقے کی مارکیٹ سکڑ رہی ہے
دی اٹلانٹک کے مصنف جیمز سوروویکی کے مطابق جیٹ بلیو کا بحران صرف فضائی صنعت تک محدود نہیں بلکہ امریکی کاروباری
امریکا میں ایسی کمپنیاں جو کم قیمت اور اعلیٰ معیار کے درمیان درمیانی درجے کی مصنوعات اور خدمات فراہم کرتی ہیں، اب شدید مسابقت کا سامنا کر رہی ہیں
مثال کے طور پر میسیز اور کوہلز جیسے روایتی ڈپارٹمنٹ اسٹورز کو ایک طرف والمارٹ، ٹارگٹ اور ایمیزون جیسے کم قیمت فروخت کنندگان سے مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ دوسری طرف مہنگے اور پریمیم برانڈز بھی ان کے صارفین کو اپنی طرف متوجہ کر رہے ہیں
اسی طرح ایپل بیز اور ٹی جی آئی فرائیڈیز جیسے درمیانی قیمت کے ریستورانوں کو فاسٹ کیژول اور اعلیٰ معیار کے مہنگے ریستورانوں سے مقابلے کا سامنا ہے
گاڑیوں کی صنعت میں کرسلر سیبرنگ اور شیورلیٹ مالیبو جیسی امریکی گاڑیاں بھی اسی مسئلے کا شکار ہوئیں،وہ ٹویوٹا کیمری اور ہونڈا اکارڈ کے مقابلے میں نہ تو اتنی سستی تھیں اور نہ ہی لیکسس اور ٹیسلا جیسی مہنگی گاڑیوں کا معیار اور کشش رکھتی تھیں
مضمون کے مطابق امریکی صارفین اب قیمت کے ساتھ معیار اور برانڈ کی اہمیت کو بھی پہلے سے زیادہ سمجھتے ہیں،اس لیے ایسی مصنوعات پیش کرنا جو صرف مناسب معیار کی ہوں لیکن قیمت تقریباً اعلیٰ درجے کی مصنوعات جتنی ہو، اب کامیاب کاروباری حکمت عملی نہیں رہی۔
کیا جیٹ بلیو دوبارہ کامیاب ہو سکتی ہے؟
دی اٹلانٹک کے مطابق جیٹ بلیو کا مستقبل مکمل طور پر تاریک نہیں ہے،کمپنی کا برانڈ اب بھی مضبوط ہے، اس کے طیاروں میں دوسری کئی ایئرلائنز کے مقابلے میں زیادہ ٹانگیں پھیلانے کی جگہ اور مفت وائی فائی جیسی سہولتیں موجود ہیں
کمپنی آئندہ ماہ اپنی متعدد اندرون ملک پروازوں میں فرسٹ کلاس کیبن متعارف کرانے جا رہی ہے، جس سے زیادہ قیمت والے ٹکٹ فروخت کرنے اور آمدنی بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے
کمپنی کو امید ہے کہ ایندھن کی قیمتیں کم ہونے کے بعد اس کے اخراجات میں کمی آئے گی اور وہ دوبارہ منافع کمانے کے قابل ہو جائے گی
تاہم مضمون کا بنیادی تجزیہ یہ ہے کہ جیٹ بلیو کا مسئلہ محض ایندھن کی مہنگائی یا قرضوں تک محدود نہیں،اس کا اصل مسئلہ یہ ہے کہ امریکی مارکیٹ میں درمیانی درجے کی کاروباری حکمت عملی کے لیے جگہ مسلسل سکڑ رہی ہے،کمپنی کو یا تو انتہائی کم قیمت ایئرلائنز کے ساتھ مقابلے کے لیے اپنے اخراجات کم کرنا ہوں گے یا بڑی فضائی کمپنیوں کی طرح پریمیم خدمات اور زیادہ منافع بخش مسافروں کو اپنی طرف متوجہ کرنا ہوگا

قومی خبریں سے مزید