Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کا مبینہ معاشقہ امریکی قومی سلامتی کے لیے تشویش کا باعث بن گیا، چین کے لیے جاسوسی کے شبہے میں خاتون کی کمپنی زیرِ تفتیش

اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کا مبینہ معاشقہ امریکی قومی سلامتی کے لیے تشویش کا باعث بن گیا، چین کے لیے جاسوسی کے شبہے میں خاتون کی کمپنی زیرِ تفتیش

واشنگٹن:ٹیکنالوجی کی دنیا کی بڑی کمپنی اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کا ایک خاتون کے ساتھ مبینہ معاشقہ امریکی قومی سلامتی کے حوالے سے ایک حساس معاملے میں تبدیل ہو گیا ہے،وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق ہوانگ نے خاتون سے تعلقات کا اعتراف کیا ہے، جبکہ مذکورہ خاتون پر چین کے لیے جاسوسی میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں،اس معاملے نے امریکی ٹیکنالوجی صنعت اور حکومتی حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے
رپورٹ کے مطابق جون 2024 میں جینسن ہوانگ تائیوان کے دارالحکومت تائی پے میں کمپیوٹر انڈسٹری کی سالانہ نمائش میں شرکت کے لیے موجود تھے،ایک رات ٹیکنالوجی کمپنیوں کے متعدد اعلیٰ عہدیدار ایک بار میں جمع ہوئے، جہاں سنگاپور میں قائم ڈیٹا سینٹر کمپنی میگاسپیڈ کی اس وقت کی اعلیٰ عہدیدار ایلس ہوانگ بھی موجود تھیں
ایلس ہوانگ نے وہاں موجود ایک ٹیکنالوجی عہدیدار کو بتایا کہ وہ اینویڈیا کے سربراہ کو بھی اس محفل میں بلا سکتی ہیں،ان کے بقول، ’’جینسن میرے بہت اچھے دوست ہیں” اس کے بعد انہوں نے جینسن ہوانگ کو پیغام بھیجا اور چند منٹ بعد وہ وہاں پہنچ گئے،انہوں نے شراب کا آرڈر دیا، کچھ دیر دیگر عہدیداروں سے گفتگو کی اور پھر تھکاوٹ کا حوالہ دیتے ہوئے اکیلے ہی وہاں سے چلے گئے
اس شام کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر بھی سامنے آئی، جس میں جینسن ہوانگ اور ایلس ہوانگ ایک سرخ صوفے پر ساتھ بیٹھے دکھائی دیے،تصویر میں جینسن اپنی روایتی چمڑے کی جیکٹ جبکہ ایلس بغیر آستین کے لباس اور موتیوں کا ہار پہنے ہوئے تھیں
معاملہ اس لیے بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے کہ جینسن ہوانگ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقاتوں اور رابطوں کے ذریعے چین کو جدید امریکی چِپس کی برآمد پر عائد پابندیوں میں نرمی کے لیے لابنگ کرتے رہے ہیں
تحقیقات کے مطابق ایلس ہوانگ اس سے پہلے چین کے سرکاری میڈیا میں ٹیلی ویژن رپورٹر کے طور پر کام کر چکی تھیں،بعد ازاں وہ مالیاتی شعبے سے وابستہ ہوئیں اور 2023 میں سنگاپور کی کمپنی میگاسپیڈ سے منسلک ہو گئیں،یہ کمپنی چینی ویڈیو گیمز بنانے والی کمپنی 7Road Holdings سے الگ ہو کر قائم ہوئی تھی اور ایشیا میں اینویڈیا کے جدید چِپس استعمال کرتے ہوئے کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور ڈیٹا سینٹر کی خدمات فراہم کرتی تھی
میگاسپیڈ نے اینویڈیا کے ساتھ کاروباری شراکت داری قائم کی اور اس کے جدید ترین H100 اور B200 چِپس سمیت دیگر ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل کی،کمپنی کی کاروباری سرگرمیوں میں چینی ٹیکنالوجی کمپنی علی بابا بھی ایک اہم صارف رہی،امریکی حکام کو شبہ ہوا کہ کمپنی اینویڈیا کے ایسے چِپس چین پہنچانے میں کردار ادا کر رہی ہے جن کی براہ راست برآمد پر امریکی پابندیاں ہیں
امریکی محکمہ تجارت نے 2024 کے اواخر میں میگاسپیڈ کے خلاف تحقیقات شروع کیں کہ آیا کمپنی امریکی برآمدی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اینویڈیا کے چِپس چین منتقل کر رہی ہے،بعد ازاں محکمہ انصاف نے بھی اس معاملے کی تحقیقات سنبھال لیں،امریکی حکام کے علاوہ تائیوان اور سنگاپور کے متعلقہ اداروں کو بھی ایلس ہوانگ کے چین
کے انٹیلی جنس اداروں سے ممکنہ روابط پر تشویش ہوئی،وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق تفتیشی حکام نے ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھی اور شبہ ظاہر کیا کہ انہیں چینی انٹیلی جنس اداروں نے جینسن ہوانگ کے قریب آنے کے لیے استعمال کیا ہو سکتا ہے
تاہم سنگاپور کی وزارت داخلہ نے ایلس ہوانگ کے مبینہ چینی انٹیلی جنس روابط کے حوالے سے ان کے خلاف تحقیقات کیے جانے کی تردید کی ہے،چین نے بھی جاسوسی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے
جینسن ہوانگ اور ایلس ہوانگ کی ملاقاتوں کا سلسلہ 2024 تک محدود نہیں رہا،مئی 2025 میں دونوں تائیوان میں ایک نجی عشائیے کے دوران بھی ایک ساتھ دیکھے گئے۔ سامنے آنے والی ویڈیو اور تصاویر میں دونوں کو ایک دوسرے کے گال پر بوسہ دیتے اور بے تکلف انداز میں گفتگو کرتے دیکھا گیا،دونوں کے خاندانی نام ایک جیسے ہیں، تاہم ان کے درمیان کوئی خاندانی تعلق نہیں ہے
دوسری جانب جینسن ہوانگ نے امریکی حکومت پر چین کو اینویڈیا کے جدید چِپس فروخت کرنے کی پابندیاں نرم کرنے کے لیے مسلسل دباؤ ڈالا،مئی 2025 میں وہ اپنے اعلیٰ لابنگ عہدیداروں کے ساتھ واشنگٹن پہنچے جہاں انہوں نے نائب وزیر خارجہ کرسٹوفر لینڈاؤ سے ملاقات کی،اس ملاقات میں اینویڈیا کے H20 چِپس چین کو فروخت کرنے کے لیے برآمدی اجازت نامے جاری کرنے کا معاملہ اٹھایا گیا
چند روز بعد جینسن ہوانگ کی صدر ٹرمپ سے ملاقات ہوئی اور انتظامیہ نے چین کو H20 چِپس فروخت کرنے کی اجازت دے دی، تاہم تاہم اس معاہدے کے تحت چین میں ہونے والی فروخت کی آمدنی کا 15 فیصد امریکی خزانے کو دینے کی شرط رکھی گئی
اسی دوران اینویڈیا کے حکام کو معلوم ہوا کہ امریکی حکومت میگاسپیڈ کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے،کمپنی کے جنرل کونسل ٹم ٹیٹر نے محکمہ تجارت کے برآمدی کنٹرول کے ادارے بیورو آف انڈسٹری اینڈ سکیورٹی (BIS) کے سربراہ جیفری کیسلر سے رابطہ کیا،اینویڈیا کا مؤقف تھا کہ جب کسی صارف کو نئی شپمنٹ، سروس یا تکنیکی معاونت فراہم کی جاتی ہے تو ممکنہ قانونی خطرات اور حکومتی تحفظات کی وضاحت ضروری ہوتی ہے
تاہم اس رابطے نے تحقیقات کے طریقہ کار پر نئے سوالات کھڑے کر دیے،رپورٹ کے مطابق محکمہ انصاف کے بعض حکام کو خدشہ تھا کہ ایک ایسے سرکاری افسر کا اینویڈیا سے رابطہ، جس کے فیصلے کمپنی کے کاروباری مفادات کو متاثر کر سکتے تھے، تحقیقات کی غیر جانبداری پر اثر انداز ہو سکتا ہے،اس کے بعد محکمہ انصاف نے میگاسپیڈ کی تحقیقات میں زیادہ براہ راست کردار سنبھال لیا اور محکمہ تجارت کا کردار محدود ہو گیا
اکتوبر 2025 میں جب صدر ٹرمپ جنوبی کوریا میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی تیاری کر رہے تھے تو انہوں نے مشیروں سے چین کو اینویڈیا کے نئی نسل کے بلیک ویل (Blackwell) چِپس فروخت کرنے کی اجازت دینے پر غور کیا،تاہم وزیر خارجہ مارکو روبیو اور دیگر حکام نے اس تجویز کی مخالفت کی اور مؤقف اختیار کیا کہ اس سے امریکی قومی سلامتی کو نقصان پہنچ سکتا ہے
مئی 2026 میں صدر ٹرمپ کے دورہ چین سے قبل مارکو روبیو کی نگرانی میں ایک خفیہ سرکاری یادداشت تیار کی گئی جس میں جینسن ہوانگ کے ایلس ہوانگ کے ساتھ ذاتی تعلقات اور خاتون کے مبینہ چینی انٹیلی جنس روابط کے بارے میں اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کو خبردار کیا گیا،رپورٹ کے مطابق اس وقت محکمہ انصاف میگاسپیڈ کے معاملے کی تحقیقات کر رہا تھا
ابتدا میں جینسن ہوانگ کو صدر ٹرمپ کے دورہ چین میں شامل نہیں کیا گیا، تاہم بعد میں وہ الاسکا میں ایئر فورس ون پر سوار ہوئے اور صدر کے ساتھ چین پہنچے،پیر کے روز جب صدر ٹرمپ سے خفیہ یادداشت کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ممکن ہے ان کے انٹیلی جنس حکام نے انہیں اس بارے میں بتایا ہو، تاہم انہیں یاد نہیں،انہوں نے کہا کہ اس معاملے نے ان پر کوئی خاص اثر نہیں ڈالا تھا
اس دوران اینویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بھی جینسن ہوانگ کے خلاف سامنے آنے والے انکشافات کے بعد آزادانہ تحقیقات کا اعلان کر دیا ہے،بورڈ یہ جاننا چاہتا ہے کہ آیا جینسن ہوانگ کو کسی غیر ملکی انٹیلی جنس کارروائی کا نشانہ بنایا گیا اور کیا اس تعلق کے دوران کمپنی کی خفیہ معلومات یا امریکی قومی سلامتی سے متعلق حساس مواد کسی غیر متعلقہ شخص تک پہنچا
جینسن ہوانگ نے اتوار کو کمپنی کے ملازمین کو ایک پیغام میں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے معذرت کی،انہوں نے لکھا کہ وہ اپنے خاندان اور کمپنی کے ملازمین سے معافی کے طلب گار ہیں
اور اپنے عمل کے لیے ان کے پاس کوئی جواز نہیں،ان کی اہلیہ لوری ہوانگ کے ساتھ تقریباً 40 برس سے شادی قائم ہے اور ان کے دو بالغ بچے بھی اینویڈیا سے وابستہ ہیں
اینویڈیا کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمپنی کو اس بات کا کوئی علم نہیں کہ اس کے سربراہ نے کسی غیر ملکی انٹیلی جنس ادارے کو معلومات فراہم کی ہوں،ترجمان کے مطابق کمپنی نے جون 2025 میں میگاسپیڈ کو تمام چِپس اور مصنوعات کی فروخت اور ترسیل روک دی تھی اور یہ پابندی اب بھی برقرار ہے،بعد ازاں کمپنی کو محکمہ تجارت سے بعض پرزوں اور متبادل اجزا کی فراہمی کے لیے اجازت لینا پڑی
اینویڈیا کے بورڈ نے بھی کہا ہے کہ اس کے پاس فی الحال ایسا کوئی ثبوت نہیں جس سے ظاہر ہو کہ کمپنی کے تجارتی راز یا امریکی قومی سلامتی سے متعلق معلومات افشا ہوئی ہیں،بورڈ نے جینسن ہوانگ اور ان کی انتظامی ٹیم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد ڈائریکٹرز بیرونی قانونی مشیروں کی مدد سے تمام دستیاب معلومات کا جائزہ لیں گے
اس معاملے نے امریکی کانگریس میں بھی تشویش پیدا کر دی ہے،سینیٹ کے اکثریتی رہنما جان تھون سمیت دونوں جماعتوں کے ارکان نے جدید چِپس کی برآمد پر مزید سخت پابندیوں کی حمایت کی ہے،ارکان کانگریس کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت اور سائبر سکیورٹی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر امریکی جدید ٹیکنالوجی کی چین تک ممکنہ رسائی انتہائی حساس معاملہ ہے
صدر ٹرمپ نے پیر کے روز جینسن ہوانگ سے متعلق الزامات پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی جینسن سے بات ہوئی ہے، جنہوں نے انہیں بتایا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ خاتون جاسوس تھیں،ٹرمپ نے
یہ بھی کہا کہ ایف بی آئی اس معاملے کا جائزہ لے رہی ہے
اس طرح اینویڈیا کے سربراہ کا ذاتی معاملہ اب محض ایک ازدواجی تنازعہ نہیں رہا بلکہ امریکی ٹیکنالوجی کی چین منتقلی، انٹیلی جنس سرگرمیوں، صدارتی پالیسی اور اربوں ڈالر کے کاروباری مفادات سے جڑ گیا ہے،اصل سوال یہ ہے کہ آیا چین نے امریکی مصنوعی ذہانت کی صنعت کے ایک انتہائی بااثر سربراہ تک ذاتی تعلقات کے ذریعے رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی، اور اگر ایسا ہوا تو کیا اس دوران کوئی حساس معلومات حاصل کی گئیں؟ ان سوالات کے جواب امریکی حکومت اور اینویڈیا کی جاری تحقیقات سے سامنے آنے کی توقع ہے

قومی خبریں سے مزید