امریکا میں اکتوبر کے دوران مہنگائی میں 0.4 فیصد اضافہ، پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے افراطِ زر کی رفتار سست پڑ گئی
واشنگٹن: امریکا میں اکتوبر کے دوران افراطِ زر کی شرح میں ستمبر کے مقابلے میں 0.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ماہرین کی توقعات سے معمولی زیادہ ہے، تاہم پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے باعث مہنگائی میں اضافے کی رفتار سست پڑ گئی
امریکی محکمہ شماریات (بیورو آف لیبر اسٹیٹسٹکس) کے جاری کردہ کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کے مطابق توانائی سمیت مختلف اشیا اور خدمات کی قیمتوں میں اضافہ جاری رہا، تاہم اکتوبر میں قیمتوں میں اضافے کی رفتار ستمبر کے مقابلے میں کم رہی،ستمبر میں اگست کے مقابلے میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 0.6 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی
محکمہ شماریات نے اکتوبر کے لیے سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح جاری نہیں کی، کیونکہ گزشتہ سال اکتوبر 2025 میں حکومتی شٹ ڈاؤن کے باعث قیمتوں سے متعلق معمول کا ڈیٹا جمع نہیں کیا جا سکا تھا
ایران جنگ کے نتیجے میں توانائی کی قیمتوں میں اضافے کو امریکا میں مہنگائی بڑھنے کی بنیادی وجہ قرار دیا جا رہا ہے،فروری کے اواخر میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 3 فیصد سے اوپر رہی ہے،مئی میں یہ شرح بڑھ کر 4.2 فیصد تک پہنچ گئی تھی، جو گزشتہ تین برس کی بلند ترین سطح تھی، جبکہ اس کے بعد مہنگائی 3.4 سے 3.7 فیصد کے درمیان اتار چڑھاؤ کا شکار رہی
اکتوبر میں توانائی کی قیمتوں میں بھی معمولی اضافہ ہوا، تاہم یہ اضافہ ستمبر کے مقابلے میں کم تھا،پیٹرول کی قیمتوں میں کمی نے مجموعی مہنگائی پر دباؤ کم کرنے میں کردار ادا کیا
مہنگائی کے یہ تازہ اعداد و شمار ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے،انتخابی نتائج کو بڑی حد تک امریکی عوام کی جانب سے مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی بلند قیمتوں پر ٹرمپ انتظامیہ اور ریپبلکن پارٹی کے خلاف ردعمل قرار دیا گیا ہے






