Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ کا انصاف کا نیا تصور، تھانے میں ملزم کو بچی سے تھپڑ لگوانے کا فخریہ اعتراف، قانون کی حکمرانی کہاں گئی؟

پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ کا انصاف کا نیا تصور، تھانے میں ملزم کو بچی سے تھپڑ لگوانے کا فخریہ اعتراف، قانون کی حکمرانی کہاں گئی؟

رپورٹ : آفاق فاروقی
لاہور: ریاست کا بنیادی تصور یہ ہے کہ وہ تشدد کا جواب تشدد سے نہیں دیتی بلکہ قانون، عدالتی انصاف اور آئینی اختیارات کے ذریعے مظلوم کو انصاف فراہم کرتی ہے,لیکن پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے جہلم میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جس واقعے کو اپنی کامیابی اور غریبوں کے حق میں طاقت کے استعمال کی مثال بنا کر پیش کیا، اس نے ریاست، قانون اور انصاف کے بنیادی اصولوں پر ایک سنجیدہ سوال بھی کھڑا کر دیا ہے اور اہل علم و شعور کو حیران و پریشان بھی کردیا ہے
مریم نواز نے شرکائے تقریب کو فخریہ انداز میں بتایا کہ ایک دکاندار نے ایک بچی پر تشدد کیا تو انہوں نے بچی کو تھانے بلایا اور حکم دیا کہ وہ اس مال دار شخص کو زور دار تھپڑ مارے،وزیرِ اعلیٰ نے اس واقعے کو اس بات کی مثال قرار دیا کہ اب پنجاب میں طاقت اور دولت کے بل پر غریبوں کو دبانے کی اجازت نہیں دی جائے گی
لیکن سوال یہ ہے کہ کیا کسی صوبے کی ،وزیرِ اعلیٰ کا کام ملزم کو قانون کے مطابق سزا دلوانا ہے یا متاثرہ بچی کو تھانے میں بلا کر اس سے ملزم کو تھپڑ لگوانا؟ اگر کسی دکاندار نے بچی پر تشدد کیا تھا تو اس کے خلاف مقدمہ درج ہونا چاہیے تھا، پولیس کو تفتیش کرنی چاہیے تھی اور عدالت کو شواہد کی بنیاد پر سزا دینی چاہیے تھی،یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ مظلوم کو انصاف دے، نہ کہ اسے ذاتی انتقام کا طریقہ سکھائے
یہاں معاملہ صرف ایک تھپڑ کا نہیں بلکہ اس سوچ کا ہے جو ریاستی اختیار، قانون اور انصاف کے درمیان فرق کو ختم کر دیتی ہے،ایک عام شہری اگر قانون ہاتھ میں لے تو اسے جرم قرار دیا جاتا ہے، لیکن جب صوبے کی سربراہ پولیس اسٹیشن میں اپنے حکم سے کسی کو تھپڑ لگوانے کے واقعے کو فخر سے بیان کرے تو یہ سوال پیدا ہونا فطری ہے کہ کیا پنجاب میں انصاف کا معیار بھی اب طاقت ور حکمران کی مرضی سے طے ہوگا؟
پاکستان میں پولیس کے کردار، بالخصوص پنجاب میں پولیس مقابلوں اور مبینہ ماورائے عدالت ہلاکتوں پر بھی طویل عرصے سے سوالات اٹھتے رہے ہیں،سیاسی اور صحافتی حلقوں میں یہ تنقید مسلسل موجود رہی ہے کہ شہباز شریف اور نواز شریف کے مختلف ادوار میں پنجاب پولیس کے سخت گیر طرزِ عمل، تشدد اور پولیس مقابلوں کے واقعات نے قانون کی حکمرانی کے تصور کو نقصان پہنچایا،پولیس مقابلوں میں عموماً یہ مؤقف اختیار کیا جاتا ہے کہ ملزم فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے یا ان کے ساتھی انہیں چھڑانے کے لیے پہنچ گئے تھے، جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ملزمان مارے گئے،تاہم ایسے واقعات کی آزادانہ تحقیقات اور عدالتی جانچ ہی یہ طے کر سکتی ہے کہ پولیس کا مؤقف درست تھا یا نہیں
یہ سوال بھی اہم ہے کہ اگر کسی شخص پر معمولی جرائم یا جنسی زیادتی جیسے سنگین الزامات ہوں تو کیا اسے بھی عدالت میں پیش کرنے، ثبوت فراہم کرنے اور قانونی سزا دلوانے کے بجائے پولیس مقابلے یا طاقت کے استعمال کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے؟ ملزم کا جرم کتنا ہی سنگین کیوں نہ ہو، اسے سزا دینے کا اختیار عدالت کو ہے، پولیس یا کسی سیاسی حکمران کو نہیں
مریم نواز کے اس بیان کو اسی وسیع تر تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے،اگر ایک بچی کو یہ پیغام دیا جائے کہ تمہارے ساتھ کوئی زیادتی کرے تو ریاست تمہیں قانونی راستہ فراہم کرنے کے بجائے اسے تھپڑ مارنے کا اختیار دے گی، تو یہ انصاف کی تربیت نہیں بلکہ انتقام کی ذہنیت کی حوصلہ افزائی ہے،ریاست کا کام شہریوں کو قانون پر اعتماد دینا ہے، انہیں قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی ترغیب دینا نہیں
دنیا کی مہذب ریاستوں میں پولیس، حکومت اور عدلیہ کے اختیارات الگ ہوتے ہیں،حکومت قانون بناتی اور اس کے نفاذ کو یقینی بناتی ہے، پولیس جرم کی تحقیقات کرتی ہے اور عدالت مجرم کو سزا دیتی ہے،کسی وزیرِ اعلیٰ کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ کسی ملزم کو اپنی مرضی سے سزا دے یا کسی متاثرہ شخص سے بدلہ لینے کا عمل کروائے
مریم نواز پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ ہیں، اس لیے ان کے الفاظ محض ایک سیاسی تقریر کا حصہ نہیں بلکہ صوبے میں حکمرانی کے تصور کی عکاسی بھی کرتے ہیں،انہیں یہ واضح کرنا چاہیے کہ وہ پنجاب میں قانون کی حکمرانی، پولیس اصلاحات اور عدالتی انصاف کو مضبوط کرنا چاہتی ہیں یا ریاستی طاقت کے ذریعے فوری انتقام کو انصاف کا نام دینا چاہتی ہیں
اصل سوال یہی ہے کہ اگر ریاست خود تھپڑ کے جواب میں تھپڑ کو انصاف قرار دینے لگے تو پھر عام شہری سے قانون کی پاسداری کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے

قومی خبریں سے مزید