غزہ کے زخمیوں کا علاج کرنے والا مسلم سرجن امریکی کانگریس پہنچ گیا، اسرائیل کی فوجی امداد بند کرنے کا مطالبہ کرنے والے آدم حموی کی تاریخی کامیابی
امریکی ریاست نیو جرسی میں مصری نژاد امریکی مسلمان ڈاکٹر آدم حموی نے کانگریس کے ایوانِ نمائندگان کی نشست جیت کر تاریخ رقم کر دی،ڈیموکریٹ امیدوار نے ریپبلکن حریف گریگ میل کو شکست دے کر نیو جرسی کے بارہویں کانگریشنل ڈسٹرکٹ سے کامیابی حاصل کی،وہ ریاست نیو جرسی سے کانگریس کے لیے منتخب ہونے والے پہلے مسلمان اور پہلے عرب امریکی ہیں،ایسوسی ایٹڈ پریس نے 3 نومبر کی شب ان کی کامیابی کا اعلان کیا،انتخابی نتائج کے مطابق حموی نے تقریباً 70 فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے ریپبلکن حریف کو تقریباً 28 فیصد ووٹ ملے
56 سالہ ڈاکٹر آدم حموی مصر میں پیدا ہوئے اور شیرخواری میں اپنے خاندان کے ساتھ امریکہ منتقل ہو گئے،ان کی پرورش نیو جرسی کے علاقے اولڈ برج میں ہوئی،انہوں نے رٹگرز یونیورسٹی اور اس کے میڈیکل اسکول سے تعلیم حاصل کی، بعد ازاں اسی یونیورسٹی سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگری بھی حاصل کی،وہ پلاسٹک اور تعمیرِ نو کے سرجن ہیں اور نیو جرسی کے شہر پرنسٹن میں اپنا طبی مرکز چلاتے ہیں
حموی نے امریکی فوج میں 8 سال خدمات انجام دیں اور عراق جنگ کے دوران بغداد کے 31ویں کامبیٹ سپورٹ اسپتال میں جنگی سرجن کی حیثیت سے تعینات رہے،2004 میں عراق میں امریکی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر مار گرایا گیا تو اس میں شدید زخمی ہونے والی فوجی افسر ٹیمی ڈک ورتھ کے علاج اور جان بچانے میں حموی نے طبی ٹیم کے ساتھ اہم کردار ادا کیا،ڈک ورتھ بعد میں امریکی سینیٹر منتخب ہوئیں
ان کی طبی خدمات صرف فوجی اسپتالوں تک محدود نہیں رہیں،حموی نے بوسنیا، سوڈان، لبنان، شام، اردن، ترکی، ہیٹی، بیلیز اور کولمبیا سمیت مختلف ممالک میں رضاکارانہ طبی خدمات انجام دیں،غزہ میں اسرائیلی جنگ کے دوران 2024 اور 2025 میں انہوں نے فلسطینی امریکی میڈیکل ایسوسی ایشن اور عالمی ادارۂ صحت کے تعاون سے طبی مشن میں حصہ لیا،وہاں انہوں نے بمباری میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں، خصوصاً شدید جسمانی زخموں کے شکار مریضوں کا علاج کیا،غزہ میں اپنے تجربات کے بعد انہوں نے امریکی حکومت کی اسرائیل کے لیے فوجی امداد پر کھل کر تنقید شروع کی
حموی کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت کو اسرائیل کی فوجی امداد بند کر دینی چاہیے اور ایسے ممالک کو ہتھیار فراہم نہیں کرنے چاہئیں جہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہوں،انہوں نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کو نسل کشی قرار دیا اور واشنگٹن کی پالیسی میں تبدیلی کا مطالبہ کیا،ان کا مؤقف ہے کہ انسانی حقوق کے اصولوں کا اطلاق تمام ممالک پر یکساں ہونا چاہیے
ان کی انتخابی مہم میں خارجہ پالیسی کے ساتھ صحت، تعلیم اور معاشی عدم مساوات بھی اہم موضوعات رہے،وہ تمام شہریوں کے لیے طبی سہولتوں کی توسیع، میڈیکیئر تک رسائی، طبی اور تعلیمی قرضوں میں ریلیف، سرکاری کالجوں میں مفت تعلیم اور محنت کش خاندانوں کے لیے معاشی مواقع بڑھانے کے حامی ہیں،انہوں نے امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے خاتمے کی حمایت بھی کی
حموی نے جون 2026 کے ڈیموکریٹک پرائمری انتخابات میں 12 امیدواروں کے درمیان مقابلہ جیت کر پارٹی کی نامزدگی حاصل کی تھی،عام انتخابات میں ان کا مقابلہ ریپبلکن وکیل گریگ میل سے ہوا،نیو جرسی کا بارہواں کانگریشنل ڈسٹرکٹ مرکَر، مڈل سیکس، سومرسیٹ اور یونین کاؤنٹیوں کے بعض علاقوں پر مشتمل ہے، جس میں پرنسٹن اور ٹرینٹن جیسے شہر بھی شامل ہیں،اس حلقے کی نمائندگی ڈیموکریٹ بونی واٹسن کولمین کر رہی تھیں، جنہوں نے دوبارہ انتخاب نہ لڑنے کا فیصلہ کیا تھا،حموی جنوری 2027 میں نئی کانگریس کے آغاز پر ان کی جگہ حلف اٹھائیں گے
حموی کی کامیابی امریکی کانگریس میں مسلم اور عرب امریکی نمائندگی کے حوالے سے ایک اہم اضافہ ہے،وہ نیو جرسی سے ایوانِ نمائندگان میں پہنچنے والے پہلے مسلمان اور پہلے عرب امریکی ہوں گے،مصری نژاد جارج ہیلمی 2024 میں امریکی سینیٹ کے لیے عارضی طور پر مقرر ہوئے تھے، تاہم حموی عوامی ووٹوں سے ایوانِ نمائندگان کے منتخب رکن بنے ہیں





