عبدالسیّد نے ایک دن میں 2.4 ملین ڈالر جمع کرکے فنڈ ریزنگ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا، ہیلی اسٹیونز کی مخالف امیدوار مائیک راجرز کی حمایت کے بعد انتخابی مہم میں غیر معمولی تیزی
مشی گن میں ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیٹ امیدوار عبدالسیّد نے انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں صرف ایک دن کے دوران 2.4 ملین ڈالر سے زیادہ چندہ جمع کرکے اپنی انتخابی تاریخ کا ایک روزہ ریکارڈ قائم کر دیا ہے،ان کی انتخابی مہم کے مطابق اتوار کو 65 ہزار سے زیادہ افراد نے عطیات دیے، جن کا اوسط 36.74 ڈالر تھا،ان میں تقریباً 29,600 افراد ایسے تھے جنہوں نے پہلی مرتبہ مہم کو مالی تعاون فراہم کیا،
یہ غیر معمولی فنڈ ریزنگ اس وقت سامنے آئی جب ڈیموکریٹک رکن کانگریس ہیلی اسٹیونز نے اپنی جماعت کے امیدوار عبدالسیّد کی حمایت کرنے کے بجائے ری پبلکن سینیٹ امیدوار مائیک راجرز کی حمایت کا اعلان کر دیا،اسٹیونز رواں سال ڈیموکریٹک پرائمری میں عبدالسیّد سے شکست کھا گئی تھیں،وہ پرائمری میں نسبتاً اعتدال پسند اور پارٹی اسٹیبلشمنٹ کی امیدوار سمجھی جاتی تھیں،
اسٹیونز نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں خود کو فخر سے ڈیموکریٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مشی گن سے محبت کرتی ہیں، تاہم وہ عبدالسیّد کی حمایت نہیں کر سکتیں،ان کے اس فیصلے نے پارٹی کے اندر اختلافات کو نمایاں کر دیا ہے،دوسری جانب عبدالسیّد کی انتخابی مہم کے ترجمان کول ووزنیاک نے کہا کہ ووٹنگ کے قریب آتے ہی عبدالسیّد کی مہم کے حق میں عوامی جوش اور حمایت اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے






