Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

جنوبی افریقہ میں تارکین وطن مخالف مظاہروں پر قابو پانے کے لیے 510 فوجی تعینات

جنوبی افریقہ میں تارکین وطن مخالف مظاہروں پر قابو پانے کے لیے 510 فوجی تعینات
جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا نے تارکین وطن مخالف مظاہروں پر قابو پانے میں پولیس کی مدد کے لیے ساحلی صوبے کوازولو نٹال میں 510 فوجی تعینات کرنے کا حکم دیا ہے،صدر کے دفتر کے مطابق فوج کی تعیناتی 9 اکتوبر سے 30 نومبر تک جاری رہے گی، جس پر 3 کروڑ 41 لاکھ رینڈ، یعنی تقریباً 20 لاکھ 50 ہزار ڈالر خرچ ہونے کا تخمینہ ہے
یہ اقدام 4 نومبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے قبل کیا گیا ہے،اس سے پہلے تارکین وطن مخالف گروپوں نے ملک بھر میں احتجاج کی اپیل بھی کی تھی
جنوبی افریقہ میں رواں سال کئی ماہ سے غیر ملکی تارکین وطن کے خلاف مظاہرے جاری ہیں، جن پر بین الاقوامی سطح پر تنقید کی گئی ہے،بعض مظاہروں کے دوران تشدد پھوٹ پڑا، جس کے نتیجے میں ہزاروں افریقی شہری ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے
صدر کے دفتر کے مطابق فوج کی تعیناتی کا فیصلہ پناہ کے متلاشی افراد سے متعلق آئینی عدالت کے ایک فیصلے کے بارے میں پھیلائی جانے والی غلط معلومات کے بعد ہونے والے تشدد کے تناظر میں کیا گیا ہے
اسی ماہ صوبے کوازولو نٹال کے سب سے بڑے شہر ڈربن اور جوہانسبرگ کے علاقے سوویٹو میں تارکین وطن مخالف مظاہرے پرتشدد ہو گئے تھے، جب گاڑیوں کو آگ لگائی گئی اور دکانیں لوٹ لی گئیں،گزشتہ ہفتے ڈربن میں ایک غیر ملکی شہری کو مشتعل ہجوم کی جانب سے مبینہ طور پر تشدد کرکے ہلاک کیے جانے کا واقعہ بھی پیش آیا
یہ کشیدگی جولائی میں جنوبی افریقہ کی آئینی عدالت کے اس فیصلے کے بارے میں پھیلائی جانے والی غلط معلومات کے بعد بڑھی، جس کے مطابق پناہ کے متلاشی افراد کو جنوبی افریقہ کے پناہ گزینوں کے نظام تک رسائی سے محروم نہیں کیا جا سکتا

قومی خبریں سے مزید