ٹرمپ کی پوتن اور شی جن پنگ سے ملاقات پر آمادگی، جوہری ہتھیاروں کے خاتمے پر مذاکرات کی پیشکش
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ سہ فریقی ملاقات میں شرکت پر آمادگی ظاہر کی ہے،ان کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کا بنیادی مقصد یوکرین جنگ کے بجائے جوہری ہتھیاروں میں کمی اور جوہری تخفیف پر مذاکرات ہونا چاہیے
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر پوتن نے تجویز پیش کی ہے کہ وہ، ٹرمپ اور شی جن پنگ اگلے ماہ ملاقات کریں تاکہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے ممکنہ سمجھوتے پر بات چیت کی جا سکے،رپورٹ کے مطابق مجوزہ مذاکرات میں ایسا حل تلاش کرنے کی کوشش ہو سکتی ہے جو روس کے مفادات کے حق میں ہو
پیر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس نوعیت کی سہ فریقی ملاقات میں شرکت کے لیے تیار ہیں، تاہم ان کے مطابق یوکرین جنگ اس ملاقات کا بنیادی موضوع نہیں ہونا چاہیے،انہوں نے دعویٰ کیا کہ روس نے یوکرین کے معاملے میں زیادہ کارروائی نہیں کی اور چین کا بھی یہی معاملہ ہے
ٹرمپ نے کہا کہ تینوں بڑی طاقتوں کے رہنماؤں کی ملاقات میں جوہری ہتھیاروں اور ان کے خاتمے پر بات چیت کی جا سکتی ہے،ان کے بقول ایسی ملاقات دنیا کے لیے انتہائی مثبت پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے
ٹرمپ نے اشارہ دیا کہ اگر یہ ملاقات ہوئی تو اس کا انعقاد چین میں ہو سکتا ہے۔ امریکی صدر اگلے ماہ چین کا دورہ کرنے والے ہیں، جہاں دونوں ممالک کے رہنماؤں کی ملاقات بھی طے ہے،اس مجوزہ سہ فریقی اجلاس کی حتمی تاریخ، ایجنڈے اور شرکت کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں





