ٹیکساس میں گورنر کا انتخاب سنسنی خیز مرحلے میں داخل، تازہ سروے میں گریگ ایبٹ کو ایک پوائنٹ کی برتری
ٹیکساس میں گورنر کے انتخاب سے چند روز قبل سامنے آنے والے تازہ سروے میں ری پبلکن گورنر گریگ ایبٹ نے ڈیموکریٹ امیدوار جینا ہینوجوسا پر معمولی برتری حاصل کر لی ہے,اس سے قبل ستمبر کے سروے میں ہینوجوسا چار پوائنٹس آگے تھیں
امریکی اخبار یو ایس اے ٹوڈے کے مطابق 13 اکتوبر کو جاری ہونے والے ریکون ایم آر کے تازہ سروے میں ایبٹ کو 48 فیصد جبکہ ہینوجوسا کو 47 فیصد ووٹروں کی حمایت حاصل ہے,اس طرح دونوں امیدواروں کے درمیان فرق محض ایک پوائنٹ رہ گیا ہے
ریکون ایم آر کی سینئر ریسرچ تجزیہ کار لنڈسی ہینڈرین کے مطابق تین مرتبہ گورنر رہنے والے ایبٹ کو انتخابی مہم کے آخری ہفتوں میں غیر معمولی طور پر سخت مقابلے کا سامنا ہے,ان کا کہنا ہے کہ یہ دوڑ رواں سال کے آغاز اور چند ماہ پہلے کے اندازوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ مسابقتی ہو چکی ہے
سروے میں ٹیکساس کے 617 ایسے ووٹروں کی رائے لی گئی جو انتخاب میں ووٹ ڈالنے کے اہل اور اس کا ارادہ رکھتے ہیں,سروے میں غلطی کا ممکنہ تناسب 4.4 فیصد پوائنٹس بتایا گیا ہے، اس لیے دونوں امیدواروں کے درمیان ایک پوائنٹ کا فرق کسی واضح برتری کی نشاندہی نہیں کرتا،
پارٹی کی بنیاد پر ووٹروں کی حمایت دونوں امیدواروں کے ساتھ مضبوط دکھائی دیتی ہے،ایبٹ کو ری پبلکن ووٹروں میں 92 فیصد جبکہ ہینوجوسا کو ڈیموکریٹ ووٹروں میں 94 فیصد حمایت حاصل ہے،تاہم آزاد ووٹروں میں ہینوجوسا 57 فیصد حمایت کے ساتھ ایبٹ کے 34 فیصد کے مقابلے میں آگے ہیں، جنکی ریاست میں تعداد 16.24 بتای جاتی ہے
یہ نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ ٹیکساس کے گورنر کے انتخاب میں پارٹی وابستگی کے ساتھ آزاد ووٹروں کا رجحان بھی اہم ہو سکتا ہے،ابتدائی ووٹنگ شروع ہونے سے پہلے سامنے آنے والے تازہ اعداد و شمار انتخابی مقابلے کی بدلتی ہوئی صورت حال کی نشاندہی کرتے ہیں، تاہم سروے کے محدود حجم اور ممکنہ غلطی کے تناسب کے باعث اس مرحلے پر کسی حتمی نتیجے کا اخذ کرنا قبل از وقت ہوگا






